ایم کیو ایم فاروق ستار گروپ کے انٹرا پارٹی انتخابات کیخلاف درخواست دائر
اسلام آباد:(ملت آن لائن) متحدہ قومی موومنٹ رابطہ کمیٹی گروپ نے فاروق ستار گروپ کے انٹرا پارٹی انتخابات کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرادی۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی گروپ کی جانب سے بیرسٹر فروغ نسیم نے درخواست دائر کی جس میں فاروق ستار گروپ کے انٹرا پارٹی انتخابات کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پارٹی آئین کے مطابق فاروق ستار انٹرا پارٹی انتخابات کا انعقاد کرانے کے مجاز نہیں اور ان کی جانب سے انتخابات کا اعلان غیرآئینی ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان (پی آئی بی گروپ) کے انٹراپارٹی الیکشن کے بعد فاروق ستار کنوینر منتخب
الیکشن کمیشن نے درخواست منظور کرتے ہوئے فاروق ستار گروپ کو27 فروری کے لئے نوٹس جاری کردیا۔مخیال رہے کہ فاروق ستار گروپ کی جانب سے 18 فروری کو منعقدہ انٹرا پارٹی انتخابات میں رابطہ کمیٹی کے 35 اراکین کا انتخاب عمل میں آیا اور 9 ہزار 433 ووٹ حاصل کر کے فاروق ستار کنوینر منتخب ہوئے۔
ایم کیو ایم پاکستان کا تنظیمی بحران
رواں ماہ کے آغاز میں ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کی جانب سے کامران ٹیسوری کا نام سینیٹ امیدوار کے طور پر سامنے آنے پر پارٹی میں اختلافات نے سر اٹھایا جو بحران کی صورت میں تبدیل ہوگیا ہے۔ رابطہ کمیٹی نے کامران ٹیسوری کی رکنیت معطل کی تو فاروق ستار نے رابطہ کمیٹی کو معطل کردیا، بعدازاں سینیٹ انتخابات کے لیے فاروق ستار گروپ اور رابطہ کمیٹی اراکین کی جانب سے الگ الگ کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔ اور اسی دوران رابطہ کمیٹی نے پارٹی سربراہ فاروق ستار کو قیادت سے نکال دیا اور اس حوالے سے الیکشن کمیشن کو بھی خط لکھا گیا جسے بعدازاں واپس لے لیا گیا۔ قیادت کی اس جنگ میں فاروق ستار کی جانب سے انٹرا پارٹی انتخابات کا اعلان کیا گیا جسے رابطہ کمیٹی گروپ نے ماننے سے انکار کردیا۔