ایم کیو ایم پاکستان نے مارچ منسوخ کر دیا
کراچی: (ملت آن لائن) ایم کیو ایم پاکستان نے عائشہ منزل سے یادگار شہداء تک اپنے مارچ کو ختم کر دیا ہے، ایم کیو ایم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پروگرام کی نئی ترتیب کے مطابق کارکنان و عوام کے بجائے ڈاکٹر محمد فاروق ستار رابطہ کمیٹی کے ہمراہ یادگارِ شہداء پر حاضری دیں گے جبکہ یادگارِ شہداء تک مارچ کا پروگرام ناگزیر وجوہات کی بنا پر محدود کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے فاروق ستار نے عائشہ منزل سے یادگار شہدا تک مارچ کا اعلان کیا تھا اور اپنے پیغام میں فاروق ستار نے ایم کیو ایم کے شہدا کو قیام پاکستان کے شہدا کا تسلسل قرار دیا تھا ۔
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہےکہ اجازت ملے یا نہ ملے ہر حال میں یادگار شہدا جائیں گے۔
سربراہ ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار نے آج عائشہ منزل سے یادگار شہدا تک مارچ کا اعلان کیا تھا جسے منسوخ کردیا گیا۔
یادگار شہدا پر حاضری سے قبل فاروق ستار کی والدہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہا کہ ’میرا ایک بیٹا ہے، پارٹی میں جانے سے منع کیا تھا لیکن وہ نہیں مانا، میرے بیٹے نے بہت قربانیاں دی ہیں۔
اس موقع پر فاروق ستار نے میڈیا سے انتہائی مختصر گفتگو میں بتایا کہ وہ پہلے بہادر آباد جارہے ہیں، وہاں رابطہ کمیٹی کے اراکین موجود ہیں جنہیں ساتھ لے کر قافلے کی صورت میں یادگار شہدا اور جناح گراؤنڈ جائیں گے۔
فاروق ستار نے کہا کہ اس حوالے سے انہیں اجازت ملنے پر جو مسائل پیش آئے اس کی تفصیل بتائیں گے۔