خبرنامہ

کامران ٹیسوری کی اتنی اہمیت سمجھنے سے قاصر ہیں، فیصل سبزواری

ایم کیو ایم کارکنان کامران ٹیسوری کی اتنی اہمیت سمجھنے سے قاصر ہیں، فیصل سبزواری

کراچی:(ملت آن لائن) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ پارٹی کے کارکنان کامران ٹیسوری کی اتنی اہمیت سمجھنے سے قاصر ہیں۔ کراچی میں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ موجودہ صورت حال میں پارٹی کارکنان اور ہزاروں شہیدوں کے اہلخانہ اذیت اور کرب میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 5 فروری سے پارٹی کی سرگرمیاں معطل ہیں، ہمیں کوئی روک نہیں رہا بلکہ کارکنان پی آئی بی کی طرف دھکیل رہے ہیں لیکن قدم صرف ایک جانب سے ہی اٹھائے جا رہے ہیں، مجھے نہیں معلوم کہ فاروق بھائی کی ٹیم کو کون روک رہا ہے اور نا ہی اس بات کا علم ہے کہ فاروق ستار کو کون کیسے مشورے دے رہا ہے۔رہنما ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ ہمیں فاروق بھائی کی مرضی پر کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن اگر پارٹی کنوینر کی مرضی پارٹی اصولوں کے منافی ہو گی تو ہم اسے ماننے سے قاصر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فاروق ستار کی مرضی، اصول، میرٹ اور منطق کے مطابق ہو گی تو بالکل مانیں گے، فاروق ستار پارٹی کنوینر ہیں آئیں اور رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں۔ فیصل سبزواری نے کہا کہ 22 اگست سے پہلے بھی پارٹی کے فیصلے رابطہ کمیٹی ہی کرتی تھی لیکن اس وقت رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی لندن سے توثیق ہوتی تھی، 23 اگست کے بعد پارٹی آئین سے لندن سے متعلق حصوں کو نکالا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ چارروز سے پارٹی کی سرگرمیاں تقریباً معطل ہیں، فاروق ستار کئی بار کہہ چکے ہیں کہ آرہا ہوں، مگر نہیں آئے، پارٹی کا آئین کنوینر کو امیدوار چننے کا اختیار نہیں دیتا، پارٹی آئین آرٹیکل 16کےتحت امیدوار چننے کا اختیار رابطہ کمیٹی کو ہے. یاد رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کی جانب سے آج بروز جمعہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو خط لکھا گیا تھا، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پارٹی آئین کے تحت کنوینر کو ٹکٹ دینے کا اختیار حاصل نہیں. البتہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے رابطہ کمیٹی کی جانب سے لکھے ہوئے خط کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار ہیں اور ان ہی کے دستخط کے حامل ٹکٹ سینٹ الیکشن کے لیے منظور کیے جائیں گے.