خبرنامہ

این اے 245 میں پولنگ ایجنٹس کوہراساں کیاگیا،ن لیگ

این اے 245 میں پولنگ ایجنٹس کوہراساں کیاگیا،ن لیگ
الیکشن قواعد کی خلاف ورزی ،من پسندجماعت کو فری ہینڈدینے کی بھی تحقیقات کامطالبہ انتخابات مشکوک بنادیے گئے ،نامزد امیدوار خواجہ طارق نذیر،الیکشن کمیشن کو خط ارسال

کراچی(ملت آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے سیکرٹری اطلاعات اور این اے 245 کے امیدوارخواجہ طارق نذیر نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے حلقے میں دوبارہ پولنگ کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے حلقے میں الیکشن قواعد کی خلاف ورزی ،پولنگ ایجنٹس کو ہراساں کرنے اور من پسند جماعتوں کے پولنگ ایجنٹس کو فری ہینڈ دینے کی تحقیقات کرائی جائے ۔پولنگ کے عملے کی جانبداری نے الیکشن کے عمل کو مشکوک بنادیا ہے ۔جمعرات کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ارسال کیے گئے مراسلے میں خواجہ طارق نذیر نے کہا کہ حلقہ این اے 245میں ان کے پولنگ ایجنٹس کو بوتھ میں داخل ہونے سے روکا گیا اور صبح ساڑھے دس بجے کے بعد ان کے ایجنٹس کو اندر جانے کی اجازت دی گئی ۔بیلٹ بکس کو ہمارے پولنگ ایجنٹس کی عدم موجود گی میں سیل کیا گیا جو کہ الیکشن رولز کی صریحاً خلاف ورزی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کے ووٹرز کو تقریباً ہر پولنگ اسٹیشن پر پریشان کیا گیا اور ان سے کہا جاتا رہا کہ ان کا ووٹ اس پولنگ اسٹیشن پر رجسٹرڈ نہیں ہے جبکہ اکثر ووٹرز کا ووٹ اسی پولنگ اسٹیشن پر رجسٹرڈ تھا جہاں پر وہ کاسٹ کرنے گئے تھے ۔خواجہ طارق نذیر نے کہا کہ شام 6بجے پریز ائیڈنگ افسران اور پولنگ اسٹاف سمیت سیکیورٹی کے عملے نے ہمارے پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال کر گنتی کا عمل شروع کردیا ۔پولنگ ایجنٹس کی غیر موجودگی میں ووٹوں کی گنتی کا عمل الیکشن قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔ اس عمل سے الیکشن کمیشن کے شفاف انتخابات کرانے کے دعوو ں پر شکوک و شبہات کے سائے چھاگئے ہیں ۔خواجہ طارق نذیر نے کہا کہ پریز ائیڈنگ افسران کی جانب سے پولنگ ایجنٹس کو فارم 45پر رزلٹ فراہم نہیں کیا گیا جس سے انتخابی نتائج مشکوک ہوگئے ہیں ۔