اسلام آباد کے اہم حلقے این اے 53 سے کسی بڑے امیدوار کے کاغذات نامزدگی تاحال منظور نہ ہوسکے جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا آج آخری روز ہے۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53 سےسابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور آئندہ وزیراعظم بننے کے امیدوار عمران خان آمنے سامنے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کی باغی رکن عائشہ گلالئی کے علاوہ مسلم لیگ ن کے مہتاب عباسی بھی میدان میں ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ آخری روز آپہنچنے کے باوجود تاحال کسی ایک بھی امیدوار کے کاغذات نامزدگی منظورنہیں کیےگئے۔
عمران خان،شاہدخاقان عباسی اورعائشہ گلالئی کےکاغذات پراعتراضات کے بعد تینوں کو گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے ذاتی حیثیت میں طلب کیاتھا۔ عمران خان خود پیش نہیں ہوئے جبکہ ان کے وکیل بابر اعوان بھی پیش نہیں ہوئے تھے۔
بابراعوان کی جگہ معاون وکیل رائے تجمل حسین نے ریٹرننگ آفیسر کو آگاہ کیا کہ بابراعوان لاہور میں ہیں جہاں وہ حلقہ این اے 131 سے متعلق عمران خان کی اسکروٹنی کے معاملے میں پیش ہوں گے۔
کاغذات نامزدگی پر اعتراضات کی سماعت میں درخواست گزار عبدالوہاب بلوچ کے وکیل نے کہا امیدوار کیلئے باکردار ہونا لازم ہے لیکن عمران خان سیتا وائٹ کی بچی کے والد ہیں جبکہ عمران خان نے تحریری جواب میں اعتراضات بے بنیاد قرار دے دیے جس کےبعد ریٹرننگ افسر نے عمران خان کے وکیل کو آج (19 جون) دلائل کیلئے طلب کر لیا۔
عوامی تحریک کو عائشہ گلالئی کے کاغذات پر اعتراض ہے کہ انہوں نے عمران خان پر جھوٹے الزامات لگائے اور شواہد نہیں دے سکیں ۔جس پر عائشہ گلالئی کا تحریری جواب تھا کہ معاملے پر پارلیمنٹ میں بحث ہوچکی ۔ ریٹرننگ افسر نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے 2014 سے 2016 تک ٹیکس گوشوارے اور سردار مہتاب عباسی سے کمپنی کی تفصیلات مانگ لی گئی ۔
عمران خان اور عائشہ گلالئی کیخلاف اعتراضات سے متعلق حتمی فیصلہ آج کیا جائے گا۔