خبرنامہ

این اے 95 میانوالی: اپیلٹ ٹریبونل کا عمران خان کے حق میں فیصلہ

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کواین اے پچانوے میانوالی سے الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی۔

عمران خان کی اپیل پرسماعت جسٹس فیصل زمان نے کی اور ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئےانہیں عام انتخابات کیلئے آبائی حلقہ سے انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔

اس سے قبل ٹریبونل نے این اے 95 سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کیخلاف اپیل پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جو کچھ دیر بعد سنا دیا گیا۔

عمران خان کے وکیل بابراعوان نے اپنے دلائل میں کہا کہ کاغذات نامزدگی میں مکمل اثاثے ظاہرکیے گئے تھے اور کچھ بھی نہیں چھپایا گیا۔ بابراعوان نے کہا کہ ریٹرننگ افسرنے حقائق کے برعکس ،تکنیکی بنیاد پرچیئرمین پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے ۔

عمران خان کے خلاف اعتراض دائرکرنے والے درخواست گزار جہانداد خان کے وکیل نے کہا کہ کاغذات نامزدگی پرعمران خان کے دستخط مختلف ہیں۔ ایک اور اعتراض کنندہ کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ۔۔۔ عمران خان کے کاغذات نامزدگی میں صرف دو بیٹوں کا نام درج ہے۔

دلائل مکمل ہونے کے کچھ دیر بعد اپیلٹ ٹربیونل نےمحفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے ریٹرنگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دیکر عمران خان کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔