خبرنامہ

این اے49،ووٹوں کی دوبارہ گنتی،ایم ایم اے رہنماجمال الدین پھرکامیاب

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 49 جنوبی وزیرستان میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست پرمتحدہ مجلس عمل کے رہنما مولانا جمال الدین پھر کامیاب قرار دے دیئے گئے ہیں۔ این اے 49 کے حلقے سے نامزد پی ٹی آئی رہنما دوست محمد محسود نے دوبارہ گنتی کی درخواست دی تھی۔

اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار پاکستان تحریک انصاف کے رہنما دوست محمد محسود کے حق میں دستبردار ہوگئے تھے۔ حلقے میں ایم ایم اے امیدوار اور پی ٹی آئی رہنما کے درمیان کانٹے کا مقابلہ رہا۔

ابتدا میں جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ایم ایم اے کے ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لینے والے مولانا جمال الدین نے 7794ووٹ حاصل کیے، جب کہ ان کے مخالف پی ٹی ائی کے امیدوار دوست محمد محسود 6606ووٹوں سے دوسرے نمبر پر رہے۔

تاہم ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست منظور ہونے پر متحدہ مجلس عمل کے مولاناجمال الدین نے 7778ووٹ اور پی ٹی آئی رہنما دوست محمد محسود نے 6591ووٹ حاصل کیے۔ ریٹرننگ ٓافیسر کی جانب سے این اے 49 میں ری کاؤنٹنگ کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

حلقے کے محل وقوع کی بات کی جائے تو یہاں کی کل آبادی 321077 ہے، جب کہ رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 178293 ہے، خواتین ووٹرز 81207 ، جب کہ مرد ووٹرز 97086 کی تعداد میں موجود ہیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق عام انتخابات 2018 میں متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے ) نے قومی اسمبلی میں کل 12 نشستیں حاصل کی ہیں۔