خبرنامہ

بارش سے بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، 200 فیڈرز ٹرپ، پروازیں بھی متاثر

بارش سے بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، 200 فیڈرز ٹرپ، پروازیں بھی متاثر
لاہور: (ملت آن لائن) لاہور میں شدید بارش سے بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، 200 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہونے سے شہر کے بڑے حصے میں بجلی منقطع، پروازوں کا شیڈول درہم برہم ہو گیا۔

صوبائی دارالحکومت میں رات ساڑھے 12 بجے سے شروع ہونے والی بارش نے صبح سویرے مزید شدت اختیار کر لی۔ فرسودہ ترسیلی نظام کے باعث لیسکو کے 200 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے اور شہر کا بڑا حصہ اندھیرے میں ڈوب گیا۔

گلبرگ، والٹن، کاہنہ، چونگی امرسدھو، جنرل ہسپتال کی ملحقہ آبادیوں کے علاوہ شمالی لاہور، اندرون شہر، گلشن راوی اور ملحقہ علاقوں ، داروغہ والا، مناواں سے رات کو بجلی غائب ہو گئی جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

لاہور ائیر پورٹ پر موسم کی خرابی کے باعث پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہوا، بیرون ملک جانے والی متعد د پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئیں اور لاہور آنے والی پروازوں کا رخ دوسرے شہروں کی جانب موڑ دیا گیا۔