بانی پاکستان کا 142 واں یوم پیدائش، مزار قائد پر گارڈز تبدیلی کی تقریب
پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے کیڈٹس گارڈز نے فرائض سنبھال لئے۔
کراچی: (ملت آن لائن) قائداعظم کے یوم ولادت کے موقع پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی۔ کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی میجر جنرل اختر نواز ستی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ میجر جنرل اختر نواز ستی نے پریڈ کا معائنہ کیا، مزار قائد پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ کمانڈنٹ ملٹری اکیڈمی نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کیے۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ اس سے قبل پاک فضائیہ کے کیڈٹس نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھال رکھے تھے۔
بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا 142 واں یوم پیدائش ملک بھر میں پوری عقیدت و احترام اور ملی جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نماز فجر کے بعد ملک وقوم کی سلامتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ بانی پاکستان کی روح کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی کی گئی۔ آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے۔ قائداعظم کی قیام پاکستان کے لیے جدوجہد اور پیغامات کی روشنی کے حوالے سے مختلف سیمینارز کا انعقاد ہوگا۔