اسلام آباد (ملت آن لائن،اے پی پی) فنانس ڈویژن کے پہلے سے جاری 22 مختلف ترقیاتی منصوبوں کیلئے آئندہ مالی سال 2017-18ء کے دوران 16 ارب 97کروڑ59 لاکھ 58ہزار روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے جس میں 30کروڑ روپے کی غیرملکی امداد شامل ہے۔ سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی )کی رپورٹ کے مطابق فنانس ڈویژن کے پہلے سے جاری 22 ترقیاتی منصوبوں پر مجموعی اخراجات کا تخمینہ 84 ارب 32کروڑ 28 لاکھ 61 ہزار روپے لگایا گیا تھا جس میں 16 کروڑ روپے کی غیرملکی امداد شامل تھی۔ رپورٹ کے مطابق30 جون2017ء تک ان منصوبوں کیلئے 34ارب 21کروڑ10 ہزار روپے کے فنڈز جاری کئے جاچکے ہیں جبکہ آئندہ مالی سال کے دوران منصوبوں کی تکمیل کیلئے 16ارب 97کروڑ59 لاکھ 58 ہزار روپے کے ترقیاتی فنڈز جاری کئے جائیں گے۔