خبرنامہ

بجٹ میں ماحولیاتی تبدیلی ڈویژن کے جاری اورنئے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 81کروڑ50 لاکھ روپے مختص

اسلام آباد (ملت آن لائن،اے پی پی) وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2017-18ء کیلئے ماحولیاتی تبدیلی ڈویژن کیلئے 81کروڑ50 لاکھ روپے کا بجٹ مختص کیا ہے۔ سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام ( پی ایس ڈی پی ) کی رپورٹ کے مطابق ماحولیاتی تبدیلی ڈویژن کے پہلے سے جاری 4 اور نئے دو ترقیاتی منصوبوں پر مجموعی لاگت کا تخمینہ 4ارب 71کروڑ21 لاکھ روپے ہے جبکہ 30 جون 2017ء تک ان منصوبوں کیلئے 60کروڑ27 لاکھ 8 ہزار روپے کے ترقیاتی فنڈز جاری کئے جاچکے ہیں۔ حکومت نے آئندہ مالی سال میں ڈویژن کیلئے دو نئے منصوبوں کی منظوری دی ہے جن میں اسلام آباد میں بوٹینیکل گارڈن اور چڑیا گھرکی چار دیواری کیلئے ایک کروڑ50 لاکھ روپے جبکہ گرین پاکستان پروگرام کے تحت 3کروڑ 60لاکھ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ماحولیاتی تبدیلی ڈویژن کیلئے پہلے سے جاری اورنئے ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی غیرملکی امداد کا عنصر شامل نہیں ہے اور یہ تمام منصوبے حکومت اپنے مالی وسائل سے مکمل کرے گی۔