اسلام آباد (ملت آن لائن،اے پی پی)وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2017-18ء کے دوران نارکوٹکس کنٹرول ڈویژن کے پہلے سے جاری 3منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر7 کروڑ 66لاکھ 62ہزار روپے کا بجٹ مختص کیا ہے جس میں چار کروڑ 4لاکھ ایک ہزار روپے حکومت اپنے مالی وسائل سے فراہم کرے گی جبکہ ان منصوبوں کیلئے 3کروڑ 62 لاکھ 61 ہزار روپے کی غیرملکی امداد بھی شامل ہے۔سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی ) کی رپورٹ کے مطابق باجوڑ ایریا ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر مجموعی لاگت کا تخمینہ 91 کروڑ 10 لاکھ 16 ہزار روپے ہے جس میں 70 کروڑ روپے کی غیرملکی امداد شامل ہے۔ اس منصوبہ کیلئے 30 جون 2017ء تک 14 کروڑ 54 لاکھ 25 ہزار روپے کے فنڈز جاری کئے جا چکے ہیں جبکہ خیبر ایریا کے ترقیاتی منصوبہ کے حوالے سے مجموعی لاگت کا تخمینہ ایک ارب23کروڑ55 لاکھ 31ہزار روپے لگایا گیا ہے جس میں ایک ارب 9 کروڑ32 لاکھ 84 ہزار روپے کی غیرملکی امدا د شامل ہے ۔ اس منصوبہ کیلئے 30 جون تک 86 کروڑ 74 لاکھ 57 ہزار روپے کے فنڈز جاری کئے جاچکے ہیں۔ اسی طرح مہمند ایریا کے ترقیاتی منصوبے پر مجموعی لاگت کا تخمینہ 85 کروڑ90 لاکھ 79 ہزار روپے ہے جس میں 40 کروڑ روپے کی غیرملکی امداد شامل ہے۔ منصوبہ کیلئے 30جون2017ء تک 16کروڑ71 لاکھ 8 ہزار روپے کے فنڈز جاری کئے جاچکے ہیں۔