خبرنامہ

بھارت سے بیک ڈور رابطے، مشیرِ قومی سلامتی نے تصدیق کر دی

بھارت سے بیک ڈور رابطے، مشیرِ قومی سلامتی نے تصدیق کر دی
لاہور:(ملت آن لائن) جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے بھارت کے ساتھ بیکڈور رابطوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو آخر کار مذاکرات کی میز پر آنا پڑے گا، یہی اس کے مفاد میں ہے۔ بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت بنیادی ایشوز پر بات کرنے کے لئے تیار ہیں۔ دنیا نیوز کے ساتھ خصوصی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ وادی میں بد ترین انسانی حقوق کی خلاف وزری کی دنیا میں مثال نہیں ملتی۔ کشمیریوں کی قتل وغارت بھارت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔ ایک سوال کے جواب میں مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ ہمارے افسروں اور جوانوں نے سینے پر گولی کھائی لیکن پیٹھ نہیں دکھائی۔ ہمیں معلوم ہے ہمارا دشمن، ہمارے دشمن کی گود میں بیٹھا ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ ہمیں جیتنا ہے، یہ دشمن کو پتہ ہے۔ افغان سر زمین ہمارے خلاف استعمال ہو رہی ہے جس کے شواہد موجود ہیں۔ ہمارے سارے علاقے کلیئر ہیں، دہشتگرد سرحد پار سے آتے ہیں۔ افغان انتظامیہ کی اپنی سر زمین پر رٹ موجود نہیں ہے۔ ایک ذمہ دار ریاست کی حیثیت سے افغانستان میں امن اور استحکام کی بات کر رہے ہیں۔ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کی جنگ میں اصل ضرورت قومی اتحاد اور یکجہتی کی ہے۔ پاکستان اندرونی انتشار اور خلفشار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔