خبرنامہ

بھارت مقبوضہ کشمیر میں جرائم چھپانے کیلئے ایل او سی پر کارروائیاں کررہا ہے

بھارت مقبوضہ کشمیر میں جرائم چھپانے کیلئے ایل او سی پر کارروائیاں کررہا ہے

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جرائم کو چھپانے اور مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لئے لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے ملیحہ لودھی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام آج بھی اس حق خود ارادیت دیے جانے کے انتظار میں ہیں جو اقوام متحدہ نے اپنی قراردادوں میں انہیں دیا۔

ملیحہ لودھی نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مقامی تحریک آزادی کو کچلنے کے لیے اندھا دھند ظالمانہ اقدامات کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ احتجاجی تحریک میں جہاں سیکڑوں معصوم اور نہتے کشمیریوں کو قتل کیا گیا وہیں معصوم شہریوں کو پیلٹ گن کے ذریعے بینائی سے بھی محروم کردیا گیا۔

پاکستانی مندوب نے اپنے خطاب میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں اپنے جرائم کو چھپانے اور دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے بھارت نے کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کو معمول بنا لیا ہے۔

ملیحہ لودھی نے کہا کہ بھارت جھوٹا دعویٰ کرتا ہے کہ اس نے کنٹرول لائن کے پار سرجیکل اسٹرائیک کی اور دوبارہ ایسا کرنے کی دھمکی دیتا ہے جب کہ بھارت کی ہرزہ سرائی اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

پاکستان کی مستقل مندوب نے کہا کہ بھارت کی دھمکیوں کے جواب میں پاکستان کو اپنے دفاع کا مکمل اختیار حاصل ہے۔