خبرنامہ

بھارت کے ساتھ کشمیر کے علاوہ مذاکرات نہیں ہوسکتے، سرا ج الحق

مظفر آباد /چکوٹھی (آئی این پی)امیر جماعت اسلامی پاکستا ن سینیٹر سرا ج الحق نے کہاہے کہ مودی کو پوری دنیا کشمیریوں کا قاتل کہتی ہے ،ہمارے حکمران اسے دوست کیوں کہتے ہیں بابر ی مسجد اور گجرات کے 2 ہزار مسلمانوں کا قاتل مودی پاکستان کو توڑنے کا اعتراف کر چکاہے مگر ہماری حکومت اس اعتراف کے باوجود عالمی ادارہ انصاف میں نہیں گئی ،بھارت ہمارا ہمسایہ ضرور ہے مگر اسے اس وقت تسلیم کریں گے جب وہ کشمیر پر قبضہ چھوڑ دے گا ، حکومت آلو ، پیاز کی تجارت کے لیے لاکھوں کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہاتھوں سے مصافحہ کیوں کر رہی ہے ؟ بھارت کے ساتھ کشمیرکی آزادی کے ایجنڈے کے علاوہ کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوسکتے ۔ وہ پیر کو مظفر آباد اور چکوٹھی میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے ۔ جلسہ سے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر ، امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی ، غلام نبی نوشہروی ، ریحام خان اور رفعت عزیز نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی امیر العظیم بھی موجود تھے ۔اس سے قبل مظفر آباد سے چکوٹھی تک بہت بڑا آزادی مارچ ہوا جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی سراج الحق ، وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر ، عبدالرشید ترابی اور غلام محمد نوشہروی نے کی ۔سینیٹر سراج الحق نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے اپنا خون پیش کر کے آزادی کی اس تحریک کو زندہ رکھا ہے ۔ یہ تحریک پاکستان کی تکمیل کی تحریک ہے ۔ ہمارے یوم آزادی کو کشمیری عوام نے بھارتی بندوقوں کے سائے تلے منایا ۔ انہوں نے کہاکہ مودی نے کشمیر پر آٹھ لاکھ فوج مسلط کر رکھی ہے لیکن وہ کشمیر میں اپنا یوم آزادی نہیں مناسکتا۔ کشمیریوں نے بھار ت کے ظلم و تشدد اور بربریت کے باوجود چودہ اگست پر پاکستانی پرچم لہرائے ہیں ۔ ہم حکمرانوں سے کہتے ہیں کہ مودی سے ہاتھ ملانے کی بجائے کشمیریوں کی سرپرستی کریں یہ ان کا فرض بھی ہے اور پاکستان کے وزیراعظم ہونے کے ناطے ان پر فرض بھی ہے ، کیوں کہ وزیراعظم نوازشریف خود کو کشمیری کہتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے مسئلہ کشمیر پر حکومت اور اپوزیشن کو اکٹھا کیا اور تمام جماعتوں کے نمائندوں پر مشتمل کشمیر کمیٹی بنائی ہے جو کشمیر پر حکومتی نہیں بلکہ ریاستی پالیسی تیار کرے گی تاکہ حکومت کے آنے جانے سے ریاستی پالیسی تبدیل نہ ہوسکے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے 20کروڑ عوام کشمیری عوام کی پشت پر کھڑے ہیں اور ہماری یہ حمایت اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کہ کشمیر آزاد نہیں ہوجاتا۔سراج الحق نے کہاکہ ہم موجودہ ایل او سی کو تسلیم نہیں کرتے یہ دیوار برلن ہے جسے ہر صورت گرا کر دم لیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ دونوں طرف کے کشمیری عوام کو کوئی طاقت تقسیم نہیں کرسکتی ۔ کشمیری صدیوں سے ایک ہیں اور ایک رہیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر بھارت کشمیر پر مذاکرات کے لیے تیار ہوتاہے تو ہم اس مقصد کے لیے دہلی تک پیدل جانے کو تیار ہیں لیکن اس مقصد سے ہٹ کر کوئی مودی سے مذاکرات کرتاہے تو پھر پوری پاکستانی قوم ان کو مسترد کردے گی ۔