بیت المقدس کی اسلامی شناخت کوئی ختم نہیں کرسکتا، امام کعبہ
ریاض:(ملت آن لائن)امام کعبہ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمان السدیس کا کہنا ہے کہ بیت المقدس اسلامی شہر ہے اور اس کی شناخت کبھی ختم نہیں ہوسکتی۔ العربیہ کے مطابق ٹرمپ کی جانب سے یروشیلم کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دیے جانے اور امریکی سفارت خانہ تل ابیب سے منتقل کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے شیخ عبد الرحمان السیدس کا کہنا تھا کہ بیت المقدس اسلامی شہر ہے اور اس کی یہ شناخت کوئی ختم نہیں کرسکتا۔ سعودی اور الحرمین شریفین کے علماء کی نمائندگی کرتے ہوئے امام کعبہ کا کہنا تھا کہ بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ اول اور تیسرا حرم شریف ہے اور رسول اللہ ﷺ یہاں سے معراج پر روانہ ہوئے تھے۔اُن کا کہنا تھا کہ بیت المقدس کے معاملے میں سعودی عرب کا اصول مؤقف ہے ، مملکت اس معاملے میں کبھی اپنے نقطے سے پیچھے نہیں ہٹے گی اور ہم فلسطینوں کی حمایت ہر سطح پر جاری رکھیں گے۔ تین روز قبل 6 دسمبر کو امریکی صدر ٹرمپ کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا وقت آگیا اور اس بات کا حتمی فیصلہ بھی کرلیا گیا ہے جس کے بعد اب امریکی سفارتخانے کو چند دنوں میں باقاعدہ طور پر یروشلم منتقل کردیا جائے گا۔امریکی صدر کی جانب سے سفارت خانے کی یروشلم منتقلی کے فیصلے کے اعلان کے بعد دنیا بھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، اس ضمن میں عرب لیگ نےہفتے کو ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔
خبرنامہ
بیت المقدس کی اسلامی شناخت کوئی ختم نہیں کرسکتا، امام کعبہ