اسلام آباد (اے پی پی) بین الصوبائی رابطہ ڈویژن کے پہلے سے جاری 4 اور6 نئے ترقیاتی منصوبوں کیلئے آئندہ مالی سال 2017-18ء کے دوران وفاقی حکومت نے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی )کے تحت مجموعی طور پر3ارب4کروڑ41 لاکھ 57 ہزار روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں ۔ پی ایس ڈی پی کے مطابق پہلے سے جاری منصوبوں میں نارو وال میں سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کیلئے 49کروڑ55 لاکھ50ہزار روپے، سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں بائیو مکینیکل لیب کے قیام کیلئے 6کروڑ16 لاکھ7 ہزار روپے، نیشنل گیمز کے انعقاد کیلئے 9کروڑ20لاکھ روپے اور گلگت میں ہاکی ٹرف بچھانے کیلئے ایک کروڑ50لاکھ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ آئندہ مالی سال کے دوران بین الصوبائی رابطہ ڈویژن کے پہلے سے جاری 4منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر66کروڑ41 لاکھ 57 ہزار روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق آئندہ مالی سال کے دوران بین الصوبائی رابطہ ڈویژن کے 6 نئے منصوبوں میں کراچی میں باکسنگ جمنیزیم کی تعمیرکیلئے پانچ کروڑ، کوئٹہ میں باکسنگ جمینیزیم کیلئے 5 کروڑ، چمن میں فٹ بال گراؤنڈ کی تعمیرکیلئے دو کروڑ50لاکھ، سوات میں ہاکی ٹرف بچھانے کیلئے پانچ کروڑ50لاکھ ، اسلام آباد ، فیصل ، واہ کینٹ، پشاور، کوئٹہ، ایبٹ آباد اور لاہور میں ہاکی ٹرفس کی تبدیلی کیلئے 20 کروڑ روپے اورملک میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کے استحکام کیلئے دو ارب روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں ۔ اس طرح آئندہ مالی سال کے دوران بین الصوبائی رابطہ ڈویژن کے چھ نئے منصوبوں کیلئے دو ارب38 کروڑ روپے کے فنڈز رکھے گئے ہیں جبکہ ڈویژن کیلئے مجموعی طور پر3ارب 4کروڑ41 لاکھ 57 ہزار روپے کے ترقیاتی فنڈز مختص کئے گئے ہیں جس میں کسی قسم کی بیرونی امدا د کا عنصر شامل نہیں ہے۔ ان منصوبوں پرمجموعی لاگت کا تخمینہ 6 ارب 91کروڑ52 لاکھ66 ہزارروپے لگایا گیا تھا۔