لندن(ملت آن لائن)برطانیہ میں ڈاکٹر نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کی سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کو بلڈ کینسر لاحق ہے جس کے بعد انہیں کینسر اسپیشلسٹ کو ریفر کر دیا گیا ہے۔
سعد رفیق نے کہا ہے کہ نواز شریف اپنی بیگم صاحبہ کی عیادت ا ور علاج کے لئے جلد لندن روانہ ہو سکتے ہیں جہاں بیگم صا حبہ کی کیمو تھراپی تجویز کی گئی ہے۔
گذشتہ روز ملنے والی اطلاعات میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ میاں نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کو گلے کا کینسر لاحق ہے ۔
تاہم کلثوم نواز کے علاج میں شریک ایک ڈاکٹر نے تصدیق کی ہے کہ سابق پاکستانی خاتون اول کو بلڈکینسر کا مرض لاحق ہے ۔
ڈاکٹرز کے مطابق کلثوم نواز کا بلڈ کینسر ابتدائی اسٹیج پر ہے۔
ڈاکٹر نے کلثوم نواز کو مزید علاج کے لئے کینسر اسپیشلسٹ کے پاس ریفر کر دیا جب کہ سابق خاتون اول کی کیمو تھراپی سمیت دیگر علاج اگلے ہفتے ہوگا۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم کی اہلیہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 کے ضمنی انتخاب کے لئے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار بھی ہیں۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ ضمنی انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے آخری روز علاج کی غرض سے لندن روانہ ہوگئی تھیں جن کے کاغذات نامزدگی کورنگ امیدوار کی جانب سے جمع کرائے گئے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو ٹیلی فون۔ کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو ٹیلی فون کیا ہے۔ بیگم کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا
سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کو برطانوی ڈاکٹروں نے گلے کا کینسر تشخیص کیا ہے تاہم ڈاکٹروں کا کہنا ہےکہ کلثوم نواز کا کینسر قابل علاج ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کو ٹیلی فون کیا اور کلثوم نواز کی خیریت دریافت کی۔
عمران خان کا سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کو گلے کا کینسر تشخیص ہونے پر ان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار
پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کو گلے کا کینسر تشخیص ہونے پر ان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عمران خان نے اپنی ٹوئٹ میں بیگم کلثوم نواز کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ ان کی دعائیں ہیں کہ وہ کینسر کے خلاف جنگ جیت جائیں۔
ذرائع کے مطابق بیگم کلثوم نواز علاج کے غرض سے لندن میں موجود ہیں جہاں ڈاکٹروں نے ان کے گلے میں کینسر کی تشخیص کی ہے جب کہ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ گلے کا کینسر قابل علاج ہے اور وہ جلد صحت یاب ہو جائیں گی ۔