خبرنامہ

بے نظیر بھٹو قتل کیس میں سپریم کورٹ میں پولیس افسران کی ضمانتوں کیخلاف درخواستوں پر سماعت

اسلام آباد: سپریم کورٹ میں سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو قتل کیس میں پولیس افسران کی ضمانتوں کے خلاف درخواستوں پر سماعت جاری ہے۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ کیس کی سماعت کررہا ہے جب کہ کمرہ عدالت میں چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف، فرحت اللہ بابر، مہرین انور راجا اور پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماء موجود ہیں۔

یاد رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق ایس پی خرم شہزاد اور سابق سی پی او سعود عزیز کو مجموعی طور پر 17، 17 سال قید کی سزا کا حکم سنایا تھا۔

سماعت شروع ہوئی تو وکیل لطیف کھوسہ نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار رشیدہ بی بی کا انتقال ہوگیا ہے۔

اس موقع پر پولیس افسران کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ درخواست گزار کے انتقال سے درخواستیں غیر موثر ہو چکی ہیں، جسٹس آصف سعید کھوسہ نے استفسار کیا بیوہ کے لواحقین نے درخواست دائر کر رکھی ہے، گزشتہ سماعت پررشیدہ بی بی کی بیٹی فریق بن گئی تھی۔

عدالت نے پولیس افسران کی درخواست غیر موثر قرار دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے درخواست گزار کے وکیل کو دلائل جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے والدہ بے نظیر بھٹو کے قتل کے ملزمان کی بریت کے خلاف درخواست دائر کیے جانے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ 31 اگست 2017 کو راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بے نظیر بھٹو قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مقدمے میں نامزد 5 ملزمان کو بری، 2 پولیس افسران کو سزا جب کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کی جائیداد کی قرقی کا حکم دیا تھا۔