تحریکِ انصاف انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی: عمران خان
لاہور: (ملت آن لائن) پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستانی ادارے کمزور ہیں اور انتخابات کے بعد اس مسئلے کے حل کے لیے کام کریں گے۔ کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔
برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی اداروں کو مضبوط کرنا ہر حکومت کی ترجیح ہونی چاہیے۔ انتخابات کے بعد اس مسئلے کے حل کے لیے کام کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ دو سیاسی پارٹیاں جو گزشتہ تیس سال سے ایک دوسرے کے بعد حکومت سنبھال رہی ہیں، وہ ناکام ہو چکی ہیں۔ اپنے دورِ اقتدار میں انہوں نے ریاستی اداروں کو تباہ کیا۔ سپریم کورٹ میں جب سابق وزیرِاعظم کا کیس تھا تو چیف جسٹس بھی کہہ چکے ہیں کہ تمام ریاستی ادارے تباہ ہو چکے ہیں اور یہ سب ان دو جماعتوں کے دورِ اقتدار میں ہوا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور نون لیگ کے دور میں امیر اور غریب کا فرق بڑھ چکا ہے۔ دو پارٹیوں کی پالیسیوں نے امیروں کو مزید امیر اور غریبوں کو غریب تر بنا دیا ہے۔ امیروں اور غریبوں میں فرق گزشتہ تیس سال میں بہت بڑھ چکا ہے۔ اس وقت ہمارے پاس امیر لوگ کم جبکہ غریب لوگوں کا ایک سمندر ہے۔
عام انتخابات سے قبل کئے گئے سروے میں عمران خان نے کہا کہ سروے اکثر گمراہ کن ہوتے ہیں۔ تحریکِ انصاف الیکشن میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ اس بار میری پارٹی تحریکِ انصاف الیکشن میں کامیابی حاصل کرے گی۔
عمران خان نے نواز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کہتی ہیں کہ میرے پیچھے فوج ہے لیکن میرے پیچھے بائیس سال کی جدوجہد ہے جبکہ اس کے والد کو فوج نے وزیرِاعلیٰ اور وزیرِاعظم بنا دیا۔
بلاول بھٹو زرداری کے بارے میں پوچھے ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ ان کی بات نظر انداز کی جا سکتی ہے، انہیں علم ہی نہیں کہ پاکستان میں کیا ہو رہا ہے۔ وہ پیراشوٹ کے ذریعے پاکستان میں داخل ہوا، اسے نہیں پتہ گراؤنڈ میں کیا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان خوشگوار تعلقات اہم ہیں تاہم امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے افغان جنگ میں شکست کا ذمہ دار پاکستان کو قرار دینے سے پاکستانی عوام کو صدمہ ہوا.