خبرنامہ

تحریک انصاف نے اپنا انتخابی منشور پیش کردیا

اب شریفوں کو ہرگز موقع نہیں دوں گا میں،عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمران خان نے 2018 کے انتخابات کے لیے اپنی جماعت کے انتخابی منشور کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں انتخابی منشور پیش کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ آنے والی حکومت کو بڑے معاشی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ریونیو جمع کرنے کا نظام نہیں ہے، گزشتہ 10 سال میں ملکی قرضوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

اپنی جماعت کے انتخابی منشور کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں اپنے ہی منشور پر عمل کرنے کےلیے بہت محنت کرنا پڑے گی‘۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ملک میں ملازمتیں فراہم کرنا سب سے بڑا چیلنج ہے، تاہم حق داروں کو نوکریاں کیسے دینی ہیں اس کے لیے ہم گزشتہ چند سالوں سے منصوبہ تیار کر رہے ہیں۔

عمران خان نے گزشتہ دورِ اقتدار میں خیبرپختنخواہ حکومت کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ ’ہم نے خیبر پختونخوا کو غیر سیاسی کرنے کی کوشش کی‘۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ان کے پاس 5 سال میں 50 لاکھ گھر بنانے کا منصوبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمزور طبقے کا خیال رکھنا ریاست کی ذمہ داری ہے، جبکہ ملک میں قانون بھی سب کے لیے ایک ہونا چاہیے۔

عمران خان نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہ ’ہم اداروں کو مضبوط کریں گے اور پاکستان کی بیوروکریسی سے سیاست کو ختم کیا جائے گا‘۔