تحریک انصاف کا وزیر داخلہ احسن اقبال کے استعفے کا مطالبہ
اسلام آباد(ملت آن لائن)تحریک انصاف نے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال سے فوری استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کا اپنے ایک بیان میں کہنا ہے کہ وزیر داخلہ احسن اقبال فیض آباد دھرنے کا معاملہ حل کرنے کی بجائے بطور وزیر داخلہ کھوکھلے دعوے کرتے رہے، ضروری ہے کہ وہ فوری طور پر خود کو وزارت سے الگ کریں۔
جہانگیر ترین نے کہا کہ احسن اقبال نے فیض آباد دھرنے کو ابتداء سے ہی مس ہینڈل کیا اور ناکامی کے باعث حکومت کو دارالحکومت میں فوج کو طلب کرنا پڑا۔
جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے میڈیا کی آواز کو خاموش کیا گیا اور سماجی میڈیا پر بھی پابندی عائد کی گئی، حکومت اپنا غیرجمہوری فیصلہ فوری واپس لے۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت مشاورتی اجلاس جاری ہے جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیر داخلہ احسن اقبال بھی شریک ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں دھرنے کے خلاف آپریشن سے پیدا ہونے والی صورتحال پر مشاورت کی جارہی ہے جب کہ وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو دھرنا شرکاء کے خلاف کارروائی کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دھرنے کے خاتمے کے لیے مختلف آپشنز اور عدالتی احکامات پر بھی غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ اجلاس میں آرٹیکل 245 کے تحت فوج کو طلب کرنے کے بعد کی صورتحال پر بھی غور جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں دھرنے کے خلاف آپریشن سے پیدا ہونے والی صورتحال پر مشاورت کی جارہی ہے جب کہ وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو دھرنا شرکاء کے خلاف کارروائی کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔