ترقیاتی کاموں کے معیار میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی :سید مرادعلی شاہ
کراچی:وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے اتوار کو کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اورشہر میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا.وزیر بلدیات جام خان شورو،ڈی آئی جی ساتھ اور کمشنر کراچی وزیراعلی سندھ کے ہمراہ تھے۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کینٹ اسٹیشن پر سڑک کی تعمیرکاجائزہ لیا، صفورا چورنگی پر زیر تعمیر روڈ اور چورنگی کا معائنہ کیا اورڈرگ روڈ پل کا جائزہ لیا۔ صدرکے علاقے الیکٹرونکس مارکیٹ اوراس کے اطراف میں کچرے کے ڈھیر دیکھ کر وزیراعلی نے سخت برہمی کا اظہارکیا.اس کے علاوہ انھوں نے انتظامیہ سے صدر موبائل مارکیٹ کے باہر پڑی تھیلیوں، کچرے کو نہ اٹھانے پر بھی باز پرس کی۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ فوری طورپرشہرسے کچرا اٹھایا جائے اورسڑکوں کو صاف رکھا جائے۔ وزیراعلی نے شاہراہ قائدین پرشوروم مالکان کی جانب سے فٹ پاتھ پرتجاوزات اوراضافی فٹ پاتھ بنانے پراظہاربرہمی کرتے ہوئے کمشنرکراچی کواضافی فٹ پاتھ ختم کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ فٹ پاتھ پرگاڑیاں کھڑی کرنے سے ٹریفک جام ہوتا ہے.شوروم مالکان سے بات کرکے اضافی فٹ پاتھ فوری ختم کی جائے۔ وزیر اعلی نے ترقیاتی کاموں کے دوران معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی اور حکام پر واضح کر دیا کہ ترقیاتی کاموں کے دوران معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اگر اس میں کسی قسم کی کوئی کمی پائی گئی تو متعلقہ ٹھیکیدار اور کمپنی اس کی ذمہ دار اور جوابدہ ہوگی۔ اس موقع پر مرادعلی شاہ کاکہناتھا کہ شہریوں کوسال نوپرسی ویوجانے سے روکاجائے، کراچی شہر کے رہائشی ذمے دار ہیں اور وہ مسائل پیدانہیں کریں گے۔