توہین عدالت کیس، مریم نواز کو نوٹس جاری
لاہور:(ملت آن لائن) لاہورہائیکورٹ نے توہین عدالت کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف مریم نواز کو ںوٹس جاری کرتے ہوئے 15 جنوری تک جواب طلب کرلیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ میں عدلیہ مخالف بیانات دینے پر مریم نواز کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے مریم نواز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 15 جنوری کو جواب طلب کرلیا ہے۔ درخواست گزار نے مؤقف اپنایا تھا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے پانامہ نظرثانی درخواستوں کے فیصلے کے بعد مریم نواز نے توہین آمیز ٹوئٹ کیے، عدلیہ کا مذاق اڑایا گیا۔دائر درخواست میں کہا گیا کہ فیصلے اور فاضل ججوں کو متنازع بنانے کی کوشش کی، مریم نواز ججوں کی مسلسل کردار کشی کر رہی ہیں اور عدلیہ کے خلاف مہم شروع کر رکھی ہے، مریم نواز کے بیانات کی وجہ سے پورے ملک میں انتشار پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت مریم نواز کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ یاد رہے مریم نواز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کئی بار عدلیہ کو تنقید کا نشانہ بنا چکی ہے۔مریم نواز نے سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون اورانصاف شرمندہ ہیں اسی طرح اقلیت اکثریت کو بدنام کرتی ہے، شکارنوازشریف نہیں نظام عدل ہے۔