خبرنامہ

تیسری شادی کی خبروں پر عمران خان کا پہلا ردعمل

تیسری شادی کی خبروں پر عمران خان کا پہلا ردعمل

اسلام آباد:(ملت آن لائن) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے تیسری شادی کی خبروں پر پہلے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ میں نے ایسا کوئی جرم نہیں کیا اگر کیا ہے تو شادی کی خواہش ہی میرا سب سے بڑا جرم ہے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے تنقید کیے جانے پر عمران خان نے سماجی رابطہ سائٹ ٹوئٹر پر اپنی مختلف ٹوئٹس کے ذریعے جواب دیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین روز سے پریشان ہوں کہ کیا میں نے بینک ڈکیتی کی، قوم کے اربوں روپے بیرون ملک منتقل کیے، کیا سانحہ ماڈل ٹاؤن کا حکم دیا یا ملک کے خفیہ راز بھارت کو دیے، میں نے ان جرائم میں سے کوئی جرم نہیں کیا اور اگر کچھ کیا تو شادی کی خواہش رکھنا ہی میرا سب سے بڑا جرم ہے۔ میں شریف برادران کو گزشتہ 40 سالوں سے جانتا ہوں اور میں ان کی گھناؤنی زندگی کے بارے میں بھی جانتا ہوں لیکن میں ان کی گھناؤنی تفصیلات کا پردہ فاش نہیں کروں گا۔ عمران خان نے اپنے حامیوں اور نیک تمنائیں رکھنے والوں سے کہا کہ وہ ان کے لئے دعا کریں تاکہ وہ ذاتی خوشی کی تکمیل کرسکے جس سے وہ محروم تھے۔ خیال رہے کہ آج احتساب عدالت میں پیشی کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف کا میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران خان جس تھالی میں کھاتا ہے اسی میں چھید کرتا ہے۔ نواز شریف نے مزید کہا کہ ایک خاندان کی عزت و ناموس اور اس کی حرمت کو داؤ پر لگا کر خود چھپ کر پردے کے پیچھے بیٹھ گیا، اب وہ وہ خاندان اور اس کے بچے وضاحتیں پیش کررہے ہیں۔