جاوید ہاشمی اور نوازشریف ملاقات، جانیےاندرکی بات
لاہور:(ملت آن لائن) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف سے سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور جاوید ہاشمی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں وزیر داخلہ احسن اقبال، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، سینیٹر پرویز رشید، مریم نواز اور دیگر موجود تھے۔ اس موقع پر دونوں سیاستدانوں نے ملکی سیاسی صورتحال سمیت دیگر امور پر بات چیت کی۔ جاوید ہاشمی نے بیگم کلثوم نواز کی خراب طبیعت پر نواز شریف سے دریافت کیا اور جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مسلم لیگ (ن) کی 27 رکنی نئی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے آج ہونے والے اجلاس میں جاوید ہاشمی کی سیاست اور (ن) لیگ کے لئے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا اور امکان ہے کہ جاوید ہاشمی کو دوبارہ پارٹی میں شامل کرلیا جائے گا۔جاوید ہاشمی کی پارٹی میں دوبارہ شمولیت کے حوالے سے مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں مشاورت کی جائے گی۔
جاوید ہاشمی کا تعلق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 149 سے ہے اور مسلم لیگ (ن) میں ان کی شمولیت کی چہ مگوئیوں کے بعد حلقے کے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں میں خدشات سامنے آرہے ہیں۔ جاوید ہاشمی نے نواز شریف سے اختلافات کے باعث پارٹی کو خیرباد کہتے ہوئے دسمبر 2011 میں تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا اور نئی پارٹی میں شمولیت کے بعد انہوں نے سابقہ پارٹی قائد سے اختلافات کا کھل کر اظہار کیا۔ 2013 کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے اقتدار میں آنے اور تحریک انصاف کے حکومت مخالف دھرنوں کے دوران جاوید ہاشمی نے اس وقت نمایاں حیثیت حاصل کی جب انہوں نے عمران خان سے اختلاف کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو بھی خیرباد کہتے ہوئے الگ ہوگئے۔
خبرنامہ
جاوید ہاشمی اورنوازشریف ملاقات، جانیےاندرکی بات