خبرنامہ

جاوید ہاشمی کا ن لیگ میں واپسی کا فیصلہ

جاوید ہاشمی کا ن لیگ میں واپسی کا فیصلہ
لاہور:(ملت آن لائن)سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے مسلم لیگ (ن) میں واپسی کا فیصلہ کرلیا اور اس حوالے سے معاملات طے پا گئے۔ جاوید ہاشمی کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا باضابطہ اعلان رواں ماہ کے آخری ہفتے میں متوقع ہے۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو ملتان دورےکی دعوت دی ہے اور نوازشریف کی مریم نواز کے ہمراہ 27 یا 28 دسمبر کو جاوید ہاشمی کے گھر آمد متوقع ہے۔ نوازشریف کی ملتان آمد پر جاوید ہاشمی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کریں گے۔ نوازشریف پرانے ساتھی جاوید ہاشمی سے ملاقات کیلئے سرگرم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کا کہنا تھا کہ ‘جاوید ہاشمی ان کے بھائی ہیں اور وہ ان کی واپسی کا خیر مقدم کریں گی’۔ رواں ماہ کے آغاز میں جاوید ہاشمی نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف سے ملاقات کی تھی، جس میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ بعدازاں مسلم لیگ (ن) کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں جاوید ہاشمی کی سیاست اور (ن) لیگ کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا تھا۔ جاوید ہاشمی کا تعلق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 149 سے ہے اور مسلم لیگ (ن) میں ان کی شمولیت کی چہ مگوئیوں کے بعد حلقے کے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں میں خدشات سامنے آرہے ہیں۔ جاوید ہاشمی نے نواز شریف سے اختلافات کے باعث پارٹی کو خیرباد کہتے ہوئے دسمبر 2011 میں تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا تھا، تاہم پی ٹی آئی میں شمولیت کے بعد انہوں نے سابقہ پارٹی قائد سے اختلافات کا کھل کر اظہار کیا۔ 2013 کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے اقتدار میں آنے اور تحریک انصاف کے حکومت مخالف دھرنوں کے دوران جاوید ہاشمی نے اُس وقت خبروں میں نمایاں حیثیت حاصل کی جب انہوں نے عمران خان سے اختلاف کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو بھی خیرباد کہہ دیا تھا۔