جس کی اپنی داستانیں مشہور ہوں وہ کیا نیا پاکستان بنائے گا، آصف زرداری
لاہور(ملت آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری نے ایک بار پھر تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کے پاس سوائے تنقید کے کوئی پروگرام نہیں ہے۔
لاہور میں پیپلز پارٹی کے ورکرز کنوینشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں سوائے ایک پل کے کوئی تبدیلی نہیں آئی اور عمران خان کے پاس سوائے تنقید کے کوئی پروگرام نہیں ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ جس کی اپنی داستانیں مشہور ہوں وہ کیا نیا پاکستان بنائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیازی خان اپنے والد کے نام کی سیاست کیوں نہیں کرتے، کوئی دھبہ لگا ہوا ہے کیا؟
انہوں نے عمران خان کی جانب سے الیکشن کمیشن میں معافی نامہ پیش کرنے پر کہا کہ کپتان ایک بار پھر معافی نامہ لیکر سامنے آ گیا ہے۔
سابق صدر نے عمران خان سے ان کے ذریعہ معاش سے متعلق پوچھتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آج تک اپنا ذریعہ معاش کیوں نہیں بتایا؟ انہوں نے مزید کہا کہ ایک شوکت خانم اسپتال پر پورا نیازی خاندان پلتا ہے۔
شریک چیرمین پیپلز پارٹی نے نواز شریف پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کاغذی شیر دوبارہ لندن میں بلا بن کر بیٹھ گیا ہے۔