جوڈیشل کمپلیکس واقعہ: ڈی جی رینجرز سے وضاحت طلب
اسلام آباد(ملت آن لائن)سابق وزیر اعظم نواز شریف کی 2 روز قبل احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر رینجرز کی تعیناتی کے معاملے پر وزارت داخلہ نے ڈی جی رینجرز سے وضاحت طلب کرلی۔
نوازشریف کی پیشی پرجوڈیشل کمپلیکس میں رینجرز کی تعیناتی کے معاملے پر وزارت داخلہ نے ڈی جی رینجرز کو خط لکھا ہے جس میں ان سے 72 گھنٹوں میں وضاحت طلب کی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ خط کے متن میں درج ہے کہ ضلعی انتظامیہ نےرینجرز کو طلب نہیں کیا تھا لہذا وضاحت دی جائے کہ رینجرز کس کے حکم پر جوڈیشل کمپلیکس آئی۔
ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے ڈی جی رینجرز کو خط آج ارسال کیا گیا اور معاملے کی محکمانہ انکوائری کا بھی حوالہ دیا گیا۔
یاد رہے کہ 2 روز قبل سابق وزیر اعظم نواز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر رینجرز نے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال سمیت کئی وزرا کو عدالت جانے سے روک دیا تھا۔