اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) وزیر اعظم کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعظم نے حادثے کی تحقیقات جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔ حادثے سے متعلق ڈیٹا کی ابتدائی تجزیاتی رپورٹ بھی آ گئی ہے۔ جہاز کا ایک انجن مکمل بند ہونے اور دوسرا بھی پوری استعداد کار سے نہ چلنے کا خدشہ ہے۔ وزیر اعظم نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ تحقیقات جلد مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ جہازوں کی مرمت کے لئے عالمی معیارات کو بھی مد نظر رکھا جائے۔ اجلاس میں وزیر داخلہ چودھری نثار اور سول ایوی ایشن حکام شریک ہوئے۔ دوسری جانب، ابتدائی تجزیاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حادثے کے شکار جہاز سے تین بار مے ڈے کال دی گئی۔ جہاز کا تکنیکی نظام مکمل طور پر شٹ ڈاؤن نہیں ہوا تھا۔ اگر نظام مکمل شٹ ڈاؤن ہوتا تو جہاز نوز ڈائیو کر کے سیدھا گرتا۔ رپورٹ کے مطابق، ایک انجن کی خرابی کے باعث جہاز بائیں جانب جھک گیا تھا جبکہ ممکنہ طور پر جہاز کا دوسرا انجن بھی پوری استعداد کار کے مطابق نہیں چل سکا۔ اگر ایک انجن بھی سو فیصد چلتا تو جہاز کے لیے 33 ناٹیکل مائلز کا سفر طے کرنا مشکل نہیں تھا۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی تیاریاں کر لی گئیں تھیں۔
خبرنامہ
جہازوں کی مرمت کیلئے عالمی معیارات کو مدنظر رکھا جائے: وزیر اعظم
