خبرنامہ

حکومت اور عدلیہ میں کسی قسم کی محاذ آرائی نہیں :چوہدری نثار

اسلام آباد(ملت آن لائن)وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ حکومت اور عدلیہ میں محاذ آرائی سے متعلق افواہیں غلط ہیں،دونوں میں کسی قسم کی محاذ آرائی نہیں ہونیوالی،معزز جج کے مکالمے پر دکھ اورافسوس کامطلب تصادم کی صورتحال پیداہونا نہیں ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیرداخلہ کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا کہ بعض عناصر نے ٹھیکہ لیا ہے کہ وہ اداروں اورحکومت کے درمیان غلط فہمیوں کو ہوا دیں،نکتہ نظر کے اختلاف کوتصادم سے تشبیہہ اس سوچ کی عکاسی ہے جوٹکرائواورانتشارچاہتی ہے اور عدلیہ کے خودساختہ محافظ بھول گئے انکے دورمیں کسطرح اداروں کی تضحیک کی جاتی رہی ہے۔چوہدری نثار نے مزید کہا کہ حیرانی ہے اس پارٹی کے اکابرین بھی چیخ چلارہے ہیں،انہی لوگوں نے فیصلوں سے روکنے کے لیے ججوں پرسیاہی پھینکی،اس پارٹی کے ترجمان نے عدلیہ وفوج کو الیکشن2013 میں دھاندلی کاذمے دارقراردیا اور ہرمعاملہ سیاسی مفادکیلئے استعمال کرنا ٹکرائو کی کوشش ہے ۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بعض عناصرنے سیاسی بیان بازی سے سیاسی مفادات حاصل کرنے کا ٹھیکہ لیاہے، اس گروہ میں صرف اپنے حق میں عدالتی فیصلے ماننے والے بھی ہیں، پی سی او ججز کو اعلیٰ عدالتی مناصب پرفائز کیا گیا، سپریم کورٹ میں پنجابی اورغیرپنجابی کی تفریق ڈالی گئی اور ان لوگوں نے اعلیٰ ترین عدالتی فیصلوں کو چمک سے تعبیر کیا جبکہ سپریم کورٹ کی لارجر بینچ کے فیصلے کامذاق اڑایاگیا، آج یہی لوگ مسئلے کو رائی کا پہاڑ بنانے پر تلے ہیں، اس مسئلے پرحکومت نے فوری ردعمل کا اظہار کیا اور اپنے کارکن کے خلاف بر وقت تادیبی کارروائی کی ۔