خبرنامہ

حکومت کا آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 میں ترمیم کا اعلان

اسلام آباد(ملت آن لائن) حکومت نے آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 میں ترمیم کا اعلان کردیا ہے۔آئین کے آرٹیکل 62 میں نااہلی کی مدت کا کوئی ذکر نہیں

قومی اسمبلی میں انتخابی اصلاحات بل کی منظوری کے دوران وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 میں ترمیم کا اعلان کیا۔

زاہد حامد نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 62 میں نااہلی کی مدت کا کوئی ذکر نہیں، نااہلی کی مدت 5 سال سے بھی کم ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 میں اس حوالے سے ترمیم کرے گی، ہم یہ آئینی ترمیم کمیٹی میں لے کر جائیں گے جہاں تمام جماعتوں سے مشاورت کے بعد ہی یہ ترمیم کی جائے گی۔

واضح رہےکہ پاناما کیس میں سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کو سپریم کورٹ نے آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت ہی نااہل قرار دیا تھا۔

سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمن نے آئین کی شق 62 اور 63 کو ختم کرنے کی صورت میں حکومت کی مخالفت کا اعلان کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ان شقوں کوختم کرنے کی کوشش ملک کو سیکولرازم کی طرف دھکیلنے کی کوشش تصور کی جائے گی۔

پارلیمنٹ ہاوس میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مولانافضل الرحمان نے کہا کہ آئین میں صادق اور امین کی تشریح کرنا ہوگی۔ صادق و امین اور دینی علوم کا علم رکھنے والا کون ہے؟ کی تعریف ہونی چاہیے۔ آرٹیکل 62 اور 63 ہر صورت برقرار رہنے چاہئیں۔ 62 اور 63 کی تشریح کیلئے قانون سازی کی گئی تو ساتھ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا کام قانون کے غلط استعمال کوروکنا ہے، نہ کہ اس کو ختم کرنا۔ انہوں نے ذوالفقارعلی بھٹو کے قتل کو جمہوریت کا قتل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماضی کی غلطیوں کو نہیں دہرانا چاہیے۔