خواجہ حمیدالدین سیالوی نے رانا ثناء اللہ کے استعفے کا مطالبہ مؤخر کردیا
سرگودھا(ملت آن لائن)سرگودھا کے آستانہ سیال شریف کے سجادہ نشین خواجہ حمیدالدین سیالوی نے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے استعفے کا مطالبہ مؤخر کردیا۔
پیر حمید الدین سیالوی کے بھتیجے اور رکن پنجاب اسمبلی غلام نظام الدین سیالوی نے بتایا کہ حمید الدین سیالوی نے رانا ثناء اللہ کے استعفے کا مطالبہ مؤخر کر دیا ہے۔
نظام الدین سیالوی نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے حمید الدین سیالوی سے آج ملاقات کی اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ رانا ثناء اللہ خود ان کے سامنے پیش ہو کر تحفظات دور کرنے کے لیے تیار ہیں جس کے بعد حمید اللہ سیالوی نے رانا ثناء اللہ کے استعفے کے لیے دیا گیا الٹی میٹم فی الحال واپس لے لیا۔
نظام الدین سیالوی کے مطابق وزیراعلیٰ شہباز شریف نے حمید الدین سیالوی کو بتایا کہ رانا ثناء اللہ پہلی فرصت میں حاضر ہو کر تحفظات دور کرنے کے لیے تیار ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں صوبائی وزیر اوقاف زعیم قادری نے بھی خواجہ حمیدالدین سیالوی سے ملاقات کی تھی اور اس ملاقات میں خواجہ حمید الدین سیالوی نے زعیم قادری سے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کو ساتھ لانے کا کہا تھا۔
پیر سیالوی نے زعیم قادری سے کہا تھا کہ وہ رانا ثناءاللہ سے کہیں کہ وہ ٹی وی پر آکر کہیں کہ وہ قادیانیوں کو غیر مسلم سمجھتے ہیں، دوبارہ کلمہ پڑھیں اور استعفیٰ بھی پیش کریں۔
اس کے بعد رانا ثناء اللہ نے مختلف انٹریوز میں کہا تھا کہ خواجہ حمید الدین سیالوی کے ارد گرد موجود لوگوں نے غلط فہمیاں پیدا کردی ہیں اور وہ جلد ان سے ملاقات کرکے غلط فہمیاں دور کر دیں گے۔