اسلام آباد ۔02 فروری (ملت+ اے پی پی) مسلم لیگ(ن) کے سینیٹر جاوید عباسی نے کہا ہے کہ دنیا جانتی ہے کہا بھارت سے اس کے پڑوسی ممالک بھی ناخوش ہیں۔ریڈیو پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حافظ سعید کی گرفتاری کے فیصلہ کا تعلق قومی سلامتی سے ہے۔ پاکستان بھارت کی کسی بات کو اہمیت نہیں دیتا ہے، موجودہ بھارتی وزیراعظم نے بھارت اور مقبوضہ کشمیر کے اندر انسانی حقوق کی بے پناہ خلاف ورزیاں کی ہیں جو بڑی دہشت گردی ہے ،وہ جب بھی موقع ملتا ہے پاکستان اور مسلمانوں کے خلاف زبان درازی کرتے ہیں۔دنیا بھارت کے دہرے معیار سے پوری طرح باخبر ہے، بھارت کی بحریہ کا آفسر کلبھوشن یادیو پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث گرفتار کیا جاچکا ہے اور پاکستان کے کئی شہروں میں انتہا پسندی کے حوالے سے بھات کے ملوث ہونے کے ثبوت بھی ملے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کی لعنت سے متاثر ہونے والا ملک ہے اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں جہاں بھی دہشتگردی ہو اس کی مذمت کرتا ہے ۔ جاوید عباسی نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے پاکستان کے اندر دہشتگردوں کی کمر توڑ دی ہے۔مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بھارت نہتے کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہا ہے اور دنیا اپنے مفادات کی خاطر خاموش بیٹھی ہے۔ انھوں نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ بھارت جو کچھ کر رہا ہے اس سے پڑوسی ممالک بھی خوش نہیں ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی،سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور کشمیری قوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت حاصل کر کے رہیں گے۔
خبرنامہ
دنیا جانتی ہے بھارت سے اس کے پڑوسی ممالک بھی ناخوش ہیں،سینیٹر جاوید عباسی
