دھرنوں سے حکومت الٹنے کے خواہشمند سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث ہیں: احسن اقبال
لاہور (ملت آن لائن) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ الیکشن میں تاخیر ہوئی تو پی ٹی آئی کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا، پیپلز پارٹی کو بھی جو کچھ ملنا ہے الیکشن سے ملنا ہے۔ لاہور میں خواجہ رفیق شہید کی برسی کی تقریب سے خطاب میں سعد رفیق نے کہا کہ جمہوریت منزل بھی ہے اور راستہ بھی اس ملک میں جمہوریت ہی آگے بڑھے گی، انتخابات وقت پر ہوں گے، مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی قیادت میں ہی الیکشن مہم میں جائے گی، عوام کا فیصلہ چلے گا بند کمروں کا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا خیال تھاکہ عدلیہ بحالی جدوجہد سے ایسی عدلیہ وجود میں آئے گی جو حکمرانوں کا احتساب کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد افتخار چوہدری نے پورا نہیں ہونے دیا اور معاملہ آلودہ کردیا، مسلم لیگ (ن) کی عدلیہ سے ٹکرائو کی کوئی پالیسی نہیں، نہ ایسا ہوگا۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ نواز شریف کے خلاف فیصلے سے ملک میں جمہوریت کو نقصان ہوا، گیلانی اور جہانگیر ترین کے فیصلوں کی بھی حمایت نہیں کر سکتا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک کے سپہ سالار کا سینٹ میں خطاب بہت بڑا واقعہ ہے، سپہ سالار کا بیانیہ وہی ہے جو ہم سب کا ہے، سپہ سالار نے ڈنکے کی چوٹ پر جمہوریت کے تسلسل کی حمایت کی ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری سانحہ ماڈل ٹائون پر دھرنا دینے کی بجائے عدالت سے رجوع کریں۔ انہوں نے کہا پاکستان کو بین الاقوامی چینلجز کا سامنا ہے جن کا کوئی جماعت‘ حکومت یا ادارہ مقابلہ نہیں کر سکتا‘ تمام سیاسی جماعتیں مل کر نئی پارلیمنٹ تشکیل دیں گی۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا ماڈل ٹائون میں جو کچھ ہوا وہ غلط ہوا۔ و ہ نہیں ہونا چاہئے تھا لیکن اگر قادری صاحب آپ کو عدالتی نظام پر اعتماد ہے تو آپ کو ادھر رجوع کرنا چاہئے کیونکہ اگر عدالت کی نظر میں آپ کا مئوقف درست ہوا تو مجرموں کو سزا ملے گی‘ دھرنے دینے‘ شہر بلاک کرنے سے کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا۔ وزیرداخلہ احسن اقبال نے سیمینار سے خطاب میں کہا کہ عمران خان قبل از وقت انتخابات کی بات کیوں کرتے ہیں۔ خیبر پی کے میں ان کے ایم پی ایز نے کہہ دیا کہ سینٹ الیکشن میں اپنی مرضی کریں گے۔ سینٹ الیکشن ہو گیا تو پی ٹی آئی کا بھانڈا پھوٹ جائے گا۔ نوازشریف اور ٹیم کا تجربہ تھا کہ آج سی پیک سے پاکستان کو دنیا کی توجہ کا مرکز بنا دیا۔ عمران خان جنرل پرویز مشرف جیسے مسٹر کلین ہیں۔ عمران خان سے زیادہ چیئرمین یونین کونسل تجربہ کار ہے۔ بیس کروڑوں عوام کی سواری ایسے شخص کو کیسے دی جائے۔ ماڈل ٹائون کا واقعہ سیاست پر دھبہ ہے۔ نوازشریف نے تو لاہور، ملتان اسلام آباد میں میٹرو بس چلا دی۔ عمران خان کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ اپنے ارکان سے ووٹ لے کر دکھائیں۔ عمران خان نے پارٹی میں کرپشن کے خلاف آواز اٹھانے والے جسٹس وجیہہ کو نکال دیا۔ عمران خان نے بدترین کرپشن کا الزام لگا کر شیرپائو کو کابینہ سے نکال دیا۔ عمران خان خیبرپی کے میں ایک میگا واٹ بجلی بھی پیدا نہیں کر سکے۔ ٹرمپ اور نائب امریکی صدر پاکستان کو للکار رہے ہیں۔ وہاں امریکہ پاکستان کو للکار رہا ہے یہاں ایک دوسرے کی ٹانگ کھینچنے کے لئے اے پی سی کی جا رہی ہے۔ آج قوم کو اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے انتشار کی نہیں۔ حکومتیں چلانا اناڑیوں کا کام نہیں۔ میں نے کہا تھا کہ اس لانگ مارچ کے ذریعے حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کی جائے گی۔ جو واقف حال ہیں انہیں بھی معلوم تھا کہ کیا تانا بانا بُنا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ چودھری احسن اقبال نے کہا کہ دھرنوں کے ذریعے حکومت الٹنے کے خواہشمند سانحہ ماڈل ٹائون میں ملوث ہیں، سانحہ ماڈل ٹائون کے پیچھے وہی قوتیں تھیں جو اگست میں لانگ مارچ کے ذریعہ حکومت کا تختہ الٹنا چاہتی تھیں۔ دہشتگردی کے جن کو بوتل میں بند کر رہے ہیں، پاکستان دشمنوں نے ہمارے خلاف سازشیں تیز کر دی ہیں، موجودہ حکومت نے پاکستان کو دلدل سے نکالا ہے، طاہر القادری سے اپیل کرتا ہوں کہ اے پی سی کا ایجنڈا بنائیں کہ صدر ٹرمپ کو کیا جواب دینا ہے، قوم کو یکجہتی کی ضرورت ہے، انتشار کی نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک میٹنگ میں شہباز شریف ماڈل ٹائون واقعہ پر رو پڑے۔ سینئر سیاسی رہنما جاوید ہاشمی نے لاہور میں تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ سیاستدانوں نے جمہوریت کیلئے جنگ لڑی، جاگیرداروں نے جمہوریت کو نقصان پہنچایا۔ جمہوریت کیلئے پنجاب کو قربانی دینی ہو گی۔ اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنا ہوں گے۔ بلوچستان اور فاٹا والوں سے ناانصافی ہو رہی ہے۔ ایک وزیراعظم نے بیٹی کے ساتھ تاریخ میں پہلی بار نیب کی پیشیاں بھگتیں۔