خبرنامہ

دھرنوں کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے، احسن اقبال

دھرنوں کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے، احسن اقبال
اسلام آباد:(ملت آن لائن) وفاقی وزیرِ داخلہ چودھری احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک پاکستان کیلئے صدی کا تحفہ ہے لیکن اسے ناکام بنانے کے لئے کئی قوتیں کام کر رہی ہیں۔ بعض گروہ نادانستگی میں ملک دشمنوں کا ایجنڈا بڑھانے کا ذریعہ بن جاتے ہیں۔ حالیہ دھرنے سے پاکستان کا عالمی امیج متاثر ہوا اور ہم داخلی طور پر کمزور ہوئے ہیں۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اسلام امن، آشتی اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ نوجوانوں کو تشدد کی بجائے تعلیم اور محنت کی ترغیب دینا اصل دین کی خدمت ہے۔ علما کا فرض ہے کہ نفرت پر مبنی رویوں کی بیخ کنی کرنے میں مدد کریں۔ انہوں نے دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ختم نبوت ﷺ پر سمجھوتہ ہوا اور نہ ہی کوئی کر سکتا ہے۔ نفرتوں کے بیج بوئے گئے تو کئی نسلوں کو بھگتنا ہو گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ عدالتی فیصلے کی روشنی میں اسلام آباد میں دھرنوں کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ پولیس کی ضروریات فی الفور پوری کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سابق وزیر قانون زاہد حامد کو استعفیٰ دینے کا نہیں کہا بلکہ انہوں نے حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے خود اس بات کا فیصلہ کیا ہے۔