دھمکی آمیز تقریر ، نہال ہاشمی کے کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت شروع
اٹارنی جنرل نے سی ڈیز فراہم کیں جن کے ساتھ متن نہیں :وکیل ، عدالت کو بتانا چاہتا ہوں کن حالات میں تقریر کی :نہال ہاشمی
اسلام آباد (ملت آن لائن ) دھمکی آمیز تقریر کیس میں نہال ہاشمی کے کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ نہال ہاشمی کے وکیل نے عدالت کو سماعت شروع ہونے پر بتایا کہ اٹارنی جنرل نے عدالت کو جو سی ڈیز فراہم کی ہیں ان کے ساتھ متن موجود نہیں جس پر ہم عدالت کو بتانا چاہتے ہیں کہ تقریر کن حالات میں کی گئی ۔ ان کا کہنا تھا کہ نہال ہاشمی سے جو کچھ ہوا وہ سب عمران خان کی وجہ سے ہوا ہے ، دوسری جانب یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ رجسٹرار نے اپنی رپورٹ میں کہیں تحریر نہیں کیا کہ نہال ہاشمی نے عدالت کو دھمکیاں دی ہیں ۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ 27 صفحات پر مشتمل جواب پہلے ہی عدالت میں آ چکا ہے اب آپ اپنی صفائی میں جو کہنا چاہتے ہیں وہ کہہ سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سمجھ نہیں آتا کہ عمران خان کا اس کیس سے کیا تعلق ہے ، لوگ پہلے توہین عدالت کے مرتکب ہوتے ہیں اس کے بعد مہنگائی کا رونا رونے لگتے ہیں ۔