خبرنامہ

دی نیوز کے رپورٹر احمد نورانی نامعلوم افراد کے حملے میں زخمی

دی نیوز کے رپورٹر احمد نورانی نامعلوم افراد کے حملے میں زخمی

اسلام آباد(ملت آن لائن)اسلام آباد میں دی نیوز کے سینئر رپورٹر احمد نورانی پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔

سینئر رپورٹر احمد نورانی راولپنڈی سے اسلام آباد آرہے تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار 3 نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی کا تعاقب کرتے ہوئے زیرو پوائنٹ جنکشن پر روکا جہاں تین مزید افراد پہلے سے موجود تھے۔

نامعلوم افراد نے احمد نورانی اور ان کے ڈرائیور کو گاڑی سے اتار کر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور فرار ہوگئے۔

ملزمان کے فرار ہونے کے بعد جائے وقوعہ پر موجود ایک شخص نے ان کی گاڑی ڈرائیو کرتے ہوئے اسپتال پہنچایا جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے احمد نورانی پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسلام آباد پولیس کو حملے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا۔

وزیر ملکت برائے داخلہ نے ہدایت کی کہ سیف سٹی کے کیمروں کی ریکارڈنگ محفوظ کی جائے اور حملہ آوروں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ احمد نورانی پر حملہ افسوسناک اور آزادی اظہار رائے پر حملے کے مترادف ہے، حکومت آزادی صحافت اور اظہار رائے کے آئینی حق پر یقین رکھتی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ جمہوریت اور آزادی صحافت کا آپس میں چولی دامن کا ساتھ ہے جب کہ صحافیوں کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔

اسلام آباد پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور عینی شاہدین سے بیانات لینا شروع کردیے جب کہ احمد نورانی پر حملے کی صحافی برادری کی جانب سے شدید مذمت کی جارہی ہے۔