راولپنڈی وزیراعظم نوازشریف نے کمیٹی چوک میں ریلی کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پورے پاکستان میں ایسی محبت کہیں نہیں دیکھی جو مجھے یہاں ملی ہے ، پنڈی میں کچھ لوگ ایسے ہیں جوکہتے ہیں کہ یہ ان کا شہرہے، راولپنڈی میرا شہرہے،میرا دل کرتاہے میں پنڈی کی مزید خدمت کروں ،پنڈی کی عوام کا فیصلہ پورے ملک کا فیصلہ ہوتاہے ۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف کا کہناتھا کہ پاکستان کی عوام کی عدالت فیصلہ دے رہی ہے، یہ انقلاب کا پیش خیمہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ سنایا کہ میں نے اپنے بیٹے کی کمپنی سے تنخواہ نہیں لی، عوام نے نوازشریف کےخلاف فیصلہ قبول نہیں کیا،مجھے7سال کی جلاوطنی دی گئی ، پہلی دفعہ بھی مجھے ڈھائی سال بعدگھربھیج دیاگیا۔ان کا کہناتھا کہ 4سالوں میں لوڈشیڈنگ کوتقریباًختم کردیا ہے،پاکستان سے دہشت گردی کوختم کیا ہے، پاکستان ترقی کی بلندی پرجارہا ہے۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کا قافلہ پنجاب ہاؤس راولپنڈی میں قیام کے بعد جی ٹی روڈ کی طرف رواں دواں ہے اور ان کے ہمراہ پارٹی رہنماؤں کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کے ہزاروں کارکن بھی موجود ہیں۔ کارکنوں نے اپنی گاڑیوں کو بینرز، پینا فلیکس اور شیر کے ماڈلز سے سجا رکھا ہے۔ نواز شریف کی گاڑی کے گرد کارکنوں کا خاصا ہجوم ہے جو ڈھول کی تھام پر بھنگڑے اور نواز شریف کے حق میں نعرے بازی کررہے ہیں جب کہ نواز شریف بھی کارکنوں کو دیکھ کر وقتاً فوقتاً ہاتھ ہلاکر ان کے نعروں کا جواب دے رہے ہیں۔
نواز شریف کی اسلام آباد سے لاہور روانگی کا سفر گزشتہ روز پنجاب ہاؤس سے شروع ہوا تھا۔ قافلے نے 18 کلو میٹر کا سفر 12 گھنٹے میں طے کیا تھا ۔ نواز شریف نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات پنجاب ہاؤس راولپنڈی میں قیام کیا اس موقع پر پنجاب ہاوس کے اردگرد سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ نواز شریف نے آج صبح گیارہ بجے کچہری چوک سے اگلے سفرکے آغاز کا اعلان کیا تھا تاہم کارکنوں کی بڑی تعداد صبع سویرے سے ہی پنجاب ہاوس کے باہر جمع ہونا شروع ہوگئی تھی۔ نواز شریف کی ریلی جی ٹی روڈ پر تیز رفتاری سے جہلم کی جانب سفر کررہی ہے، جلد از جلد پہنچنے کے لیے نواز شریف نے روات اور گوجر خان میں مختصر قیام بھی نہیں کیا۔ نواز شریف کے کنٹینر سمیت درجنوں گاڑیاں پیچھے رہ گئی ہیں۔