خبرنامہ

روسی صدر کا اگلا الیکشن آزاد امیدوار کے طور پر لڑنے کا اعلان

روسی صدر کا اگلا الیکشن آزاد امیدوار کے طور پر لڑنے کا اعلان
ماسکو: (ملت آن لائن) امریکا کے لئے ایک بار پھر دوستی کا پیغام دیتے ہوئے پیوٹن نے کہا ہے کہ امریکا ٹرمپ مخالفین کی افواہوں کی گرفت میں ہے۔ شمالی کوریا پر حملہ امریکہ کے لیے تباہ کن ثابت ہو گا۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے اگلے الیکشن میں آزاد امیدوار کے طور پر میدان میں اترنے کا اعلان کر دیا۔ اپنے سالانہ خطاب میں صدر پیوٹن نے ایک بار پھر امریکا کی جانب دوستی کا ہاٹھ بڑھاتے ہوئے کہا کہ کئی معاملات میں روس اور امریکہ کے مفادات مشترک ہیں۔ ایک دوسرے پر بے بنیاد الزامات لگانے کے بجائے مل جل کر آگے بڑھنا ہو گا۔ انہوں نے امریکی انتخابات میں روسی مداخلت کو ٹرمپ کے مخالفین کی پھیلائی افواہ قرار دیا۔ پیوٹن نے افغانستان میں سیکیورٹی کی صورتحال کو مخدوش قرار دیتے ہوئے کابل کو امداد کی پیشکش بھی کر دی۔ اس سے قبل روسی صدر ولادیمر پیوٹن نے ماسکو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم شمالی کوریا کو ایٹمی طاقت تسلیم نہیں کریں گے۔ امریکا شمالی کوریا کے مسئلے کا پرامن حل تلاش کرے۔ روسی صدر نے کہا کہ اگر امریکا نے شمالی کوریا کے خلاف فوجی طاقت کا استعمال کیا تو اس کے تباہ کن نتائج نکل سکتے ہیں۔ مسئلے کا واحد حل مذاکرات ہی ہیں۔