خبرنامہ

رینجرز نے متحدہ کے مقتول قرار دیئے گئے کارکن کو زندہ پیش کر دیا

کراچی(ملت آن لائن) سندھ رینجرز نے ایم کیوایم لندن کی جانب سے مقتول قرار دیئے جانے والے کارکن کو زندہ پیش کر دیا۔ ایم کیوایم لندن کے الزامات بے بنیاد ہیں۔

ایم کیوایم لندن نے رینجرز پر الزام عائد کیا تھا کہ رینجرز نے ان کے کارکن محمد یوسف ٹھیلے والا کو گرفتار کرکے ماورائے عدالت قتل کر دیا۔

سندھ رینجرز کے ترجمان میجر قمبر رضا نے پریس کانفرنس میں ایم کیوایم لندن کے کارکن یوسف ٹھیلا والا کو پیش کیا۔

ترجمان رینجرز کا کہنا تھاکہ ایم کیوایم لندن کی جانب سے رینجرز پر الزامات لگائے گئے اور پریس کانفرنس کا مقصد سیاسی جماعت کے عائد کردہ الزامات کی نفی کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم لندن کے کارکن محمد یوسف کی گرفتاری کے بعد ہلاکت کا الزام لگایا گیا جب کہ محمد یوسف عرف ٹھیلا والا زندہ ہے اور ایم کیوایم لندن کے الزامات بے بنیاد ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ایم کیوایم لندن نے محمد یوسف ٹھیلے والے کی جھوٹی موت ظاہر کی جب کہ یوسف نے خود اپنے آپ کو رینجرز کے حوالےکیا۔

میجر رضا کا کہنا تھا کہ رینجرز کراچی میں بلا تفریق آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے اور شہر میں امن کی بحالی کے لیے رینجرز نے کلیدی کردار ادا کیا۔

اس موقع پر محمد یوسف ٹھیلے والا نے میڈیا کے سامنے پیش ہوکر کہا کہ میں ایم کیوایم لندن کا کارکن ہے، رینجرز نے 17 جولائی 2017 کو کنسٹرکشن کمپنی پر چھاپا مارا، وہاں سے فرار ہوکر میرپور خاص چلا گیا۔

یوسف ٹھیلے والا نے کہا کہ ایم کیوایم لندن کی پریس ریلیز میں مجھے ہلاک قرار دیا گیا جس سے خوفزدہ ہوگیا اور خود کو قانون کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا، ایم کیو ایم لندن سے تحفظ فراہم کرنے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا شکر گزار ہوں۔