سابق وزیر اعظم نواز شریف لندن سے وطن واپس پہنچ گئے
لندن: (ملت آن لائن) سابق وزیر اعظم نواز شریف پی آئی اے کی پرواز پی کے 786 سے لندن سے بینظیر ائرپورٹ اسلام آباد پہنچیے جبکہ تین نومبر کو احتساب عدالت پیش ہوں گے۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف پھٹ پڑے۔ کہتے ہیں پاکستان کے نظام میں تضادات ہیں، ایک سکینڈ میں وزیراعظم کو اٹھا کر ہائی جیکر بنا دیتے ہیں۔ نواز شریف نے سوال کیا کہ وہ ہر دس سال کے بعد کیوں ملک چھوڑیں، آخر انہوں نے کیا کیا ہے؟
نواز شریف نے نیب کے ریفرنس کو بوگس اور جھوٹا کیس قرار دے دیا۔ انہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر بھی سوال اٹھایا، سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سمجھ نہیں آتی سب ہو کیا رہا ہے، پاکستان میں اب سب کچھ بدلنا چاہیے۔
سابق وزیراعظم نوازشریف کو لندن سے واپسی پر پروٹو کول دینے پر عمران خان نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کرپشن کے سنگین مقدمات میں مطلوب شخص کو شاہانہ پروٹوکول کیسے دیا جا سکتا ہے، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کالے دھن کے تحفظ کیلئے نواز شریف کی مدد کر رہے ہیں۔ اپنے ٹویٹ میں عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے ملزم کو پروٹو کول دینا شرمناک عمل ہے، وزیرا عظم شاہد خاقان عباسی نے ایسا کر کے خود کو بے توقیر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کرپشن کے ملزم کے پروٹوکول پر قوم کے ٹیکس کا پیسہ خرچ کیا جا رہا ہے۔ عمران خان نے یہ بھی سوال اٹھایا کہ بے شمار کرپشن کے مقدمات کے ملزم کو ٹیکس کے پیسے سے پنجاب ہاؤس میں کیسے ٹھرایاجا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا نواز شریف نے قومی دولت لوٹ کر 300 ارب بیرون ملک بھیجے ہیں اور اب نواز شریف احستاب عدالتوں میں کرپشن کے مقدمات بھگت رہے ہیں۔