خبرنامہ

سعید احمد اسحاق ڈار کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن گئے

سعید احمد اسحاق ڈار کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن گئے

اسلام آباد: (ملت آن لائن) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف شواہد میں بڑی پیش رفت، احتساب عدالت میں نیشنل بینک کے صدر سعید احمد وعدہ معاف گواہ بن گئے، ڈار کمپنی نے بتائے بغیر انکے نام پر لاہور کے بینکوں میں پانچ فارن کرنسی اکاؤنٹس کھولے، شناختی کارڈ چوری شدہ اور دستخط جعلی تھے۔ اکاؤنٹ اوپننگ فارم کا فرانزک ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسحاق ڈار کے قابل ضمانت وارنٹ برقرار احتساب عدالت میں سعید احمد نےدھماکا خیز بیان ریکارڈ کرا دیا۔ انہوں نے بتایا لاہور کے بینکوں میں 5 فارن کرنسی اکاؤنٹس ان کے نام پر کھولے مگر وہ ان سے لاعلم تھے۔
سعید احمد کا کہنا ہے دستخط جعلی اور شناختی کارڈ چوری کر کے یہ کام کیا گیا، معلوم نہیں بے نامی اکاؤنٹس کس نے کھولے۔ نیب نے اکاؤنٹ اوپننگ فارم کا فرانزک ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کر لیا۔ نیب کی انوسٹی گیشن ٹیم نے وزیرخزانہ کے نئے اثاثوں کا کھوج لگا لیا ہے۔ نیب نے اسحاق ڈار کے بچوں علی ڈار، حسنین ڈار کو 6 نومبر کو طلب کر رکھا ہے۔
جمعرات کو احتساب عدالت میں اسحاق ڈار کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت جج محمد بشیر نے کی۔ اسحاق ڈار کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی گئی۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق اسحاق ڈار کے سینے پر بوجھ ہے۔ اسحاق ڈار کی انجیو گرافی ہوگی‘ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ اسحاق ڈار کی انجیو گرافی پاکستان میں بھی ہو سکتی ہے۔ مفتی قوی کی انجیو گرافی بھی پاکستان میں ہوئی۔ چاروں گواہ موجود ہیں اور ملزم غیر حاضر ہے۔ اسحاق ڈار کے ضامن احمد علی قدوسی عدالت میں پیش ہوئے۔ جج محمد بشیر نے ضامن سے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ اسحاق ڈار کہاں ہیں؟ ضامن محمد علی قدوسی نے کہا کہ اسحاق ڈار علاج کے لئے لندن میں ہیں۔
جج محمد بشیر نے ضامن کو حکم دیا کہ یہ بیان تحریری طور پر جمع کرائیں۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ اسحاق ڈار کے میڈیکل سرٹیفکیٹ مسترد کئے جائیں۔ اسحاق ڈار کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کئے جائیں۔ عدالت نے اسحاق ڈار کی استثنیٰ سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ عدالت نے اسحاق ڈار کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ میڈیکل رپورٹ کی وجہ سے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری نہیں کر رہے۔ عدالت نے نیب کی ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔ وکیل عائشہ حامد نے کہا کہ منجمد کئے گئے بنک اکاؤنٹس میں 32ہزار 210 اور 11570 روپے ہیں۔ عدالت نے اسحاق ڈار کا پیش کردہ میڈیکل سرٹیفکیٹ تصدیق کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نیب میڈیکل سرٹیفکیٹ کی تصدیق کروائے۔