کراچی: (مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ حکومت نے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو ہٹانے اور سردار عبدالمجید دستی کو قائمقام آئی جی تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا لیکن وفاق کی جانب سے تاحال اے ڈی خواجہ کو ہٹانے کا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں ہو سکا۔ اے ڈی خواجہ نے چارج نہیں چھوڑا لیکن سردار عبدالمجید دستی نے قائمقام آئی جی کا چارج سنبھال لیا ہے۔ سندھ پولیس کے افسران اور اہلکار پریشان ہیں کہ آئی جی سندھ اصل میں ہے کون؟ دوسری جانب قائمقام آئی جی سندھ سردار عبدالمجید دستی کی مزار قائد پر حاضری کے لئے انتظامات کیے گئے۔ پولیس افسران اور اہلکار صبح چھ بجے سے گیارہ بجے تک قائمقام آئی جی کا انتظار کرتے رہے لیکن سردار عبدالمجید دستی مزار قائد نہیں پہنچے اور سینٹرل پولیس ہیڈ آفس میں اجلاس طلب کر لیا جس میں سندھ پولیس میں تبدیلی، موجودہ صورتحال اور ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
خبرنامہ
سندھ کا نیا آئی جی کون؟ وفاق اور سندھ حکومت میں بھی ٹھن گئی
