خبرنامہ

سپریم کورٹ: غیر معیاری اسٹنٹ پر از خود نوٹس کی سماعت

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) غیر معیاری اسٹنٹ پر از خود نوٹس کی سماعت پر سپریم کورٹ نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے بورڈ ارکان کی تعلیمی اسناد طلب کرلیں۔ منگل کو سپریم کورٹ میں غیر معیاری اسٹنٹ سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ اتھارٹی کے بورڈ ارکان کوالیفائیڈ ہونے چاہئیں ہوسکتا ہے اتھارٹی بورڈ از سر نو تشکیل دینا پڑے۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ ادارے اپنا قبلہ درست کرلیں آئندہ غیر ذمہ داریاں اور کوتاہیاں برداشت نہیں ہوں گی۔ مریض کو اسمگل شدہ اسٹنٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ آئندہ ایسی کوئی بات سامنے آئی تو برداشت نہیں کریں گے۔ ڈاکٹرز بریف کیس سے اسٹنٹ نکال کر مریض کو ڈال دیتے ہیں۔ مریض کو پتہ ہونا چاہئے کہ اسے کون سا اسٹنٹ ڈالا گیا۔ اسٹنٹ رجسٹریشن کی درخواستیں سرد خانوں میں رکھ دی گئیں۔ سپریم کورٹ نے مقدمے کی سماعت مارچ کے پہلے ہفتے تک ملتوی کردی۔