خبرنامہ

سپریم کورٹ نے عمران خان سے کرکٹ سے حاصل آمدنی کی تفصیلات طلب کرلیں

اسلام آباد(ملت آن لائن)سپریم کورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے کرکٹ سے حاصل ہونے والی آمدنی سے متعلق تمام تفصیلات طلب کرلیں۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔

اس موقع پر الیکشن کمیشن کے وکیل ابراہیم ستی نے موقف اختیار کیا کہ 2014 میں پہلی مرتبہ پی ٹی آئی کی بیرون ملک فنڈنگ کا معاملہ سامنے آیا اور اس حوالے سے تحریک انصاف کے ایک رہنما نے درخواست جمع کرائی اور وہی دستاویزات حنیف عباسی نے سپریم کورٹ میں جمع کرائیں۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن نے دائرہ اختیار پر فیصلہ دیا جسے پی ٹی آئی نے چیلنج کر رکھا ہے۔

وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ قانون کہتا ہے کہ بیرون ملک کی فنڈنگ پر پارٹی بن ہی نہیں سکتی جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اب اگر پارٹی بن گئی ہے تو پھر کس کا اختیار ہے، کیا الیکشن کمیشن کی ذمے داری نہیں کہ پارٹی کے بینک اکاؤنٹس چیک کرے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ معاملہ الیکشن کمیشن کو بطور کمیشن بھجوانے پر فریقین کی رائے ہمارے ذہن میں ہے جب کہ دونوں فریقین نے تحقیقات کے لئے معاملہ کمیشن کو بھجوانے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: غیرملکی فنڈنگ کی تحقیقات الیکشن کمیشن سے کرانے پر مہلت طلب

سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کے وکیل نے پی ٹی آئی کی غیر ملکی فنڈنگ کی تحقیقات کے لئے کمیشن بنانے پر رضا مندی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کمیشن بنائے ہم تعاون کریں گے۔

اس موقع پر جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ یہ بات ذہن میں رکھنا ہوگی کہ 20 میں سے ایک کو پکڑیں گے تو تعصب کا الزام لگے گا، کئی سال تک الیکشن کمیشن کیوں سویا رہا، الیکشن کمیشن تمام جماعتوں کے ساتھ یکساں سلوک کرے، دیگر جماعتوں کو فارن ایڈ دینے والی کمپنیاں بھی سامنے آگئی ہیں۔

چیف جسٹس عمرعطا بندیال نے کہا کہ عمران خان نے 1981 کے ٹیکس ریٹرنز جمع کرائے ہیں جب کہ چیف جسٹس آف پاکستان نے عمران خان کے وکیل نعیم بخاری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے وعدہ کیا تھا کہ ٹیکس تفصیلات جمع کرائیں گے جس پر نعیم بخاری نے کہا کہ میں اپنے وعدے پر قائم ہوں۔

عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے کرکٹ سے حاصل ہونے والی آمدنی کی تمام تفصیلات طلب کرتے ہوئے سماعت جمعرات تک ملتوی کردی۔