سپیکر نے سچ بولنا شروع کر دیا؛شیخ رشید
راولپنڈی: (ملت آن لائن) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کہتے ہیں اسمبلی ایل پی آر پر جانے والی ہے، سپیکر قومی اسمبلی کو حقیقت کا ادراک ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے جو بات بہت پہلے کہی وہ اب سب کو سمجھ آ رہی ہے، ان حکمرانوں کا وقت ختم ہو چکا ہے، نزاع کے عالم میں مولانا فضل الرحمن کہتا ہے کہ توبہ قبول نہیں ہوتی، 2 ممبران نے حکومت کو فاٹا بل کے کریڈٹ سے محروم کر دیا۔ شیخ رشید نے مزید کہا کہ ڈالر کے باعث روپے کی قدر کی کمی کی وجہ سے پاکستان پر 442 ارب کا قرضہ بڑھ گیا ہے۔ دوسری جانب، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنماء تحریک انصاف فواد چودھری بولے، جی کا جانا ٹھہر گیا ہے، صبح گیا یا شام گیا۔ تحریک انصاف کے ترجمان نے سپیکر قومی اسمبلی کو مشورہ بھی دیا کہ وہ مستعفی ہو جائیں تو ضمیر سے سارا بوجھ اتر جائے گا۔ فواد چودھری نے مزید کہا کہ سپیکر اسمبلی پریشان نہ ہوں، جلد انتخابات جمہوریت کی روح ہیں، سپیکر اسمبلی نے پارلیمنٹ کے کسٹوڈین کی بجائے جاتی امراء کے محافظ کا کردار ادا کیا، سیاسی خلاء کی وجہ سے وفاقی حکومت صرف وزارت خزانہ تک محدود ہے۔ فواد چودھری کا یہ بھی کہنا تھا کہ داخلہ اور خارجہ امور دوسرے ادارے چلا رہے ہیں، جلسوں میں بڑے دعوے کرنے والے سن لیں، اصل ٹیسٹ انتخابات ہے۔
خبرنامہ
سپیکر نے سچ بولنا شروع کر دیا؛شیخ رشید