کراچی (ملت آن لائن،اے پی پی)گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی کا عظیم الشان شاہکار سی پیک منصوبہ کی تکمیل سے پاکستان معاشی خوشحالی کے نئے دور میں داخل ہو گیا ہے،گیم چینجز منصوبہ کے تحت ملک بھر میں نئی سڑکوں کا جال بچھا دیا جائے گا جبکہ جدید ترین ہائی ویز، ایئر پورٹس اور سی پورٹس بھی تعمیر ہو نگی جس سے تیز ترین معاشی دور کا آغاز ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری ایسا منصوبہ ہے جس سے خطہ کے دیگر ممالک بھی بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں، پاکستان خطہ میں امن اور خوشحالی کے مشن پر گامزن ہے اور ہمسایوں سمیت ہر ایک ملک سے چین کی طرح دوستی کا خواہاں ہے لیکن پاک چین دوستی کی بے مثل نظیر اپنی مثال آپ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک کوریا بزنس کونسل کے زیر اہتمام سیمینار بعنوان ’’ وژن 2025 ء‘‘ سے خطاب میں کیا۔ سیمینار میں کینیڈا کے ہائی کمشنر پیری کالڈر وڈ (Perry Calderwood) ، چین کے قونصل جنرل وانگ یو اور مختلف ممالک سے بزنس کونسل کے عہدیداران سمیت معروف صنعت کار و تاجر اور عمائدین شہر کی بڑی تعداد شریک تھی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ کے پہاڑ سے بلند اور سمندر سے بھی گہری ہے اور سی پیک منصوبہ اس دوستی کی واضح مثال ہے چین پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط اور مستحکم دیکھنا چاہتا ہے، چین نے ہر مشکل دور اور مراحل میں پاکستان کی دل کھول کر مدد کی جس کو پوری قوم قدر اور تحسین کی نگا ہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے سی پیک منصوبہ میں 62 ارب ڈالرز کی ابتدائی سرمایہ کاری سے مکمل ہونے جا رہا ہے جس میں 34 ارب ڈالرز توانائی پر مختص ہو نگے ، منصوبہ کی تکمیل سے سب سے زیادہ فائدہ صوبہ کو ہوگا، کراچی کی دو سی پورٹس محمد بن قاسم بندر گاہ اور کراچی پورٹ پر معاشی فعالیت مزید بڑھ جائے گا ، معاشی سرگرمیوں کے بڑھنے سے غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ کی تکمیل دراصل پاکستان کی خوشحالی کی تکمیل ہوگی ، معاشی نقشہ پر پاکستان کو اہم جگہ حاصل ہو گی ، خطہ میں خوشحالی کے لئے دیگر ممالک کو بھی اس منصوبہ کی افادیت کو مدنظر رکھتے ہوئے شامل ہونا ہوگا تاکہ خطہ میں تیز رفتار ترقی کے نئے دور میں عام لوگوں تک اس کے ثمرات پہنچ سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد کراچی میں سرمایہ کاری میں اضافہ ، نجی سیکٹر کے فعال کردار، روزگار کے مواقعوں، معاشی و سماجی سرگرمیوں سے عام آدمی پر اس کے مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی معاشی پالیسی کے زبردست مثبت اثرات صوبہ سے حاصل ہو رہے ہیں جو کہ حکومت کی بہت بڑی کامیابی ہے ، توانائی بحران کے خاتمہ میں حکومت کے اقدامات سے آئندہ برس نیشنل گرڈ اسٹیشن میں 10500 میگا واٹ بجلی داخل ہونے سے نہ صرف طلب بلکہ زائد بجلی بھی حاصل ہو جاسکے جبکہ سی پیک منصوبہ میں توانائی کے منصوبوں سے وافر مقدار میں بجلی کا حصول یقینی ہے جس سے صنعتی پہیہ مزید تیز رفتاری سے چلے گا۔ پاک کوریا بزنس کونسل کے صدر احسن مختار زبیر ی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سی پیک منصوبہ تصوراتی لگتا تھا لیکن اب یہ حقیقت کا روپ دھارنے لگا ہے جس سے خوشحالی کا انقلاب برپا ہو جائے گا، عام زندگی پر اس کے اثرات بہت حد مفید ثابت ہونگے، دنیا بھر کے اعلیٰ تعلیم یافتہ افرادروزگار کے لئے پاکستان کا رخ کریں گے۔ اس موقع پر چین کے قونصل جنرل وانگ یو نے بھی سی پیک منصوبہ پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
خبرنامہ
سی پیک منصوبہ کی تکمیل سے تیز ترین معاشی دور کا آغاز ہوگا،گورنر سندھ
