شریف برادران کی سعودی عرب سے متعلق کئی افواہیں ہیں، آصف زرداری
لاہور:(ملت آن لائن) سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں کرپشن کے خلاف مہم چل رہی ہے اور میاں برادران کی وہاں موجودگی سے متعلق کئی افواہیں ہیں۔ سابق صدر کا کہنا تھا کہ سعودی شہزادے نے کرپشن الزامات پر بہت سے لوگ پکڑے ہیں اور وہاں کرپشن کے خلاف مہم بھی چل رہی ہے، ہوسکتا ہے کہ شریف برادران کے سعودی عرب میں کوئی ایشوز ہوں۔ آصف زرداری کا کہنا تھا کہ میاں برادران کی سعودی عرب میں موجودگی سے متعلق تین چار قسم کی باتیں چل رہی ہیں، وہاں این آر او ہورہا ہے یا وہ کفیل کو بچانے گئے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے احتجاج میں شرکت سے متعلق پارٹی جو فیصلہ کرے وہ کیا جائے گا تاہم ڈاکٹر طاہرالقادری کی شکل میں نوابزادہ نصراللہ کی کمی پوری ہورہی ہے۔ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر پرویز مشرف میں اتنا ہی دم ہے تو بیرون ملک ناچنے کے بجائے پاکستان میں آئیں۔ایک سوال کے جواب میں سابق صدر نے کہا کہ ملکی سیاست میں طویل عرصے سے نوابزادہ نصراللہ کی کمی تھی جو اب طاہرالقادری نے پوری کردی۔ آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں بھی کرپشن کے خلاف مہم چل رہی ہے، سعودی عرب ہمارا اہم دوست ملک ہے تاہم میری حکومت میں سعودی عرب کی پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں تھی۔ انہوں نے نیب پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نیب نے سندھ میں ہمیشہ ظلم کیا اور عدالت سے رجوع کرکے ایک نہر بند کروادی جس کی وجہ سے 26 لاکھ ایکڑ زمین پانی سے محروم ہوگئی۔