شریف برادران کی ون آن ون ملاقات، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال
لاھور (ملت آن لائن)سابق وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے درمیان جاتی امرا میں ون آن ون ملاقات ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ہیلی کاپٹر کے ذریعے جاتی امراء پہنچے جہاں انہوں نے پارٹی کے صدر اور بڑے بھائی نواز شریف سے ملاقات کی۔
شریف برادران کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران سیاسی صورت حال اور کل پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والے پارٹی کی نئی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس پر تبادلہ خیال کیا۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی نئی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا پہلا اجلاس کل پنجاب ہاؤس میں طلب کر رکھا ہے جس کی صدارت سابق وزیراعظم نواز شریف کریں گے۔
آئندہ کی حکمت عملی کیلئے (ن) لیگ کی نئی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس کل طلب
اجلاس کے دوران درپیش چیلنجز اور سیاسی صورت حال سے نمٹنے کے ساتھ پارٹی کے مستقبل اور تنظیمی امور پر مشاورت کی جائے گی۔
مسلم لیگ (ن) کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے تمام ارکان کو اجلاس میں شرکت کے دعوت نامے جاری کر دیےگئے ہیں، اجلاس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز بھی شریک ہوں گے۔